News Detail Banner

عوام نے والہانہ طریقے سے جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن پر اعتماد کردیا ہے۔لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور17جنوری 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی، چیئرمین مرکزی الیکشن سیل لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں عوام نے والہانہ طریقے سے جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن پر اعتماد کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کی جیت کو روکنے کے لیے مقتدر جماعتوں نے ہر حربہ استعمال کیا لیکن رائے عامہ کی طاقت نے انتخابات کی راہ ہموار کردی۔ انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری قابل قبول نہیں ہوگی، اگر ایسا کیا گیا تو پی پی پی حکومت اور الیکشن کمیشن دونوں رُسوا ہوں گے۔ کراچی میں میئرشپ جماعت اسلامی کا حق بن گیا ہے۔ کراچی لاتعداد مسائل، طرح طرح کے مافیاز کے ظلم کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی کا میئر اور مسلسل جدوجہد کرنے والی ٹیم ہی تمام اسٹیک ہولڈرز اور بلدیات کا مینڈیٹ حاصل کرنے والوں کو کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے ساتھ لے کر چل سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہر طرح کے دباؤ کے باوجود کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرالیے، اب یہ اُس کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے فیصلہ کو تبدیل نہ کرنے دے۔

لیاقت بلوچ نے حافظ نعیم الرحمن، راجہ عارف سلطان، اُسامہ بن رضی کو فون پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور سوشل میڈیا والنٹیئرز نے بے مثال جدوجہد کی اور حافظ نعیم الرحمن نے قیادت کا حق ادا کردیا۔ اِن شاء اللہ کراچی میں خوشیوں، امن و ہم آہنگی اور تعمیر و ترقی کا دور آئے گا۔

لیاقت بلوچ نے لاہو رمیں کاہنہ، اندرونِ شہر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں ترازو نشان پر بھرپور حصہ لے گی۔ پی ٹی آئی، مسلم لیگ یا پی پی پی نے 2018ء انتخابات کے بعد اقتدار میں آکر 1600 دِن ملک و مِلت کے برباد کردیے ہیں۔ اسلامی اقدار، اسلامی تہذیب، سیاسی پارلیمانی نظام، آئین وجمہوریت، احتساب کی بجائے کرپٹ مافیا کو تحفظ دیکر بدانتظامی کی دہشت گردی پھیلائی اور حکمرانوں کی نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن کی دہشت گردی نے قومی معیشت تباہ کردی، ملک ڈیفالٹ سے دوچار، عوام مفلوک الحال اور لاچار ہیں۔

لیاقت بلوچ نے فیصل آباد میں معروف عالمِ دین، اہلِ سنت کے رہنما علامہ سعید احمد اسد مرحوم کے انتقال پر بیٹوں کے ساتھ جامعہ امینیہ میں تعزیت کی۔ امیر ضلع محبوب الزماں بٹ ساتھ موجود تھے۔