نظام کی خرابی کے اثرات پوری قوم پر پڑتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن
1گھنٹہ پہلے
نظام کی خرابی کے اثرات پوری قوم پر پڑتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئیں. یتیم بچوں کی کفالت اصل خدمت انسانیت ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا الخدمت پاکستان کی گرینڈ افطار تقریب سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نظام کی خرابی کے اثرات پوری قوم پر پڑتے ہیں اور جب ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرے تو اس کا بوجھ عام عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
وہ لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ گرینڈ افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔ امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن وقاص جعفری، بنو قابل کے ڈائریکٹر عمیر ادریس، الخدمت لاہور کے صدر احمد حماد رشید اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں یتیم بچے اور ہزاروں مرد و خواتین شریک ہوئے۔ امیر جماعت اسلامی نے الخدمت فاؤنڈیشن کو تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت کا کفالت پروگرام خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کا مرکز یتیم بچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں یتیم بچوں کی کفالت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، اسی مقصد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن نے آغوش ہومز قائم کیے ہیں جہاں بچے نہ صرف رہائش پاتے ہیں بلکہ معیاری تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں اور مستقبل میں ڈاکٹر، انجینئر اور آئی ٹی ماہر بن رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 35 ہزار ایسے یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے جو اپنی ماؤں کے ساتھ گھروں میں رہتے ہیں اور الخدمت فاؤنڈیشن ان کی دہلیز تک جا کر مدد اور تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ ہمت اور محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں، ہنر سیکھیں اور دینی و اخلاقی تربیت کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھانے کے لیے بنو قابل پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے جہاں نوجوان مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام اور بچوں کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اب تک غزہ میں تقریباً 90 ہزار افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ شہدا میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن فلسطینیوں کی مدد کے لیے اب تک امدادی سامان کی پچاس کھیپیں غزہ بھیج چکی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت یا انسانی بحران کے وقت پوری جماعت اسلامی رضاکار بن کر میدان میں آ جاتی ہے اور خدمت انسانیت کے لیے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کی شفافیت اور مسلسل خدمات کی وجہ سے عوام اس ادارے پر اعتماد کرتے ہیں اور دل کھول کر عطیات دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کام ریاست کی ذمہ داری تھے وہ آج الخدمت فاؤنڈیشن انجام دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جماعت اسلامی کی حکومت ہوتی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوتا تو اس کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے حکومت خود برداشت کرتی۔


