اسلام کا عادلانہ نظام ہی تمام مشکلات کا حل ہے۔ حافظ محمد ادریس
1سال پہلے
لاہور15جنوری 2023ء
منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور بے لاگ احتساب، عدل کی بلاامتیاز فراہمی اور تمام انسانوں کے جملہ بنیادی حقوق کا تحفظ اسلام کے وہ انمول ہیرے ہیں جو مدینہ کی اسلامی ریاست کی بنیادی شناخت تھی۔ قانون کی نظروں میں نہ کوئی بڑا تھا، نہ چھوٹا۔ جس کسی نے جتنی غلطی کی ہے، قرآن و سنت کی روشنی میں اسے اس کی سزا ملے گی۔ ہر جرم کی حدود و تعزیر متعین اور معروف تھیں۔ خلیفہئ وقت یا ان کے خاندان کا کوئی فرد بھی قانون سے مستثنیٰ نہیں تھا۔ امت مسلمہ کا بہت بڑا المیہ ہے کہ آج وہ لاقانونیت اور ظلم و جبر کا شکار ہے جب کہ غیر مسلم مغربی دنیا نے اسلام قبول کرنے سے انکار کر کے بھی ہمارے زریں اصولوں کے مطابق اپنا نظام اور قانون ترتیب دے لیا ہے۔
حافظ ادریس نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے۔ ہمارا دستور بھی یہ اعلان کرتا ہے کہ حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ہے، یہاں آبادی کی اکثریت مسلمان ہے، ہمارا لمیہ یہ ہے کہ حکمرانوں نے نہ اپنے دین ایمان کا کبھی خیال و اہتمام کیا، نہ دستور کوکوئی اہمیت دی ہے اور نہ ہی بنیادی انسانی اخلاقیات کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسی کے نتیجے میں آج اس عظیم ملک اور واحد مسلمان ایٹمی قوت کو ہر جانب سے خطرات نے گھیر لیا ہے۔ اس دلدل سے نہ امریکا نکال سکتا ہے، نہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک، اس کا حل ایک ہی ہے کہ اسلامی نظام زندگی کو اپنایا جائے، انصاف کا نظام اور عدل کی حکومت ہو اور کرپشن و غنڈہ گردی کا خاتمہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو اب اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑا ہونا چاہیے اور آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کر کے دیانت دار اور اہل قیادت کو سامنے لانا چاہیے۔