News Detail Banner

اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کو عوامی مسائل، سیلاب متاثرین کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں۔لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور03 اکتوبر2022ء

نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے ملتان میں ارقم کانووکیشن تقریب اور لاہور میں یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم مراد کی تقریبِ ولیمہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کو عوامی مسائل، سیلاب متاثرین کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں۔ دونوں اپنی ناکامیوں اور نااہلی کو چھپانے کے لیے نوراکشتی کررہے ہیں اور آس و اُمید میں ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی مل جائے۔ سیاسی اور پارٹی مفادات کی ہر قیمت پر ترجیح کا کلچر قانون کو پامال کررہاہے۔ عدالتوں کی ساکھ بُری طرح متاثر کی جارہی ہے۔ اِسی وجہ سے ملک قدم بقدم انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ عوام مفاد پرست سیاست اور نااہل حکمران ٹولوں کو مسترد کردیں۔ جماعتِ اسلامی آئین، آزاد عدلیہ کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑے گی اور جنگ جیتے گی۔

لیاقت بلوچ نے وسطی پنجاب جماعت اسلامی کی سیاسی انتخابی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی زراعت بڑے مسائل سے دوچار ہے۔ بجلی، پٹرول، زرعی ادویات، بیج، کھاد کی ہوشربا قیمتیں زراعت اور کسانوں کی تباہی کا باعث ہے۔ سیلاب نے متاثرہ علاقوں میں زرعی زمینوں اور باغات ومال مویشی تباہ کردیے ہیں۔ چینی وافر موجود ہے لیکن برآمدات میں تاخیر سے گنے کے کاشت کاروں کو لوٹنے کا پروگرام بن رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں زراعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، کسانوں سے دھوکے بازی بند کی جائے۔ زراعت کی ترقی ہی عالمی استحالی سرمایہ دارانہ غلامی سے ملک و ملت کی نجات کا ذریعہ ہے۔ جماعتِ اسلامی کسانوں کے حقوق کی ملک گیر توانا آواز ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سفارتی سائیفر، بیرونی سازشیں، رجیم چینج، شدت اور انتہا پسندی سیاست، جمہوریت، پارلیمانی نظام کے لیے خطرناک اور اہم ایشوز ہیں۔ پی ٹی آئی کا مؤقف اور عمل پہلے ہی متنازعہ ہے، اتحادی حکومت نے مِس ہینڈلنگ سے شکوک و شبہات بڑھادیے ہیں۔ دونوں فریقوں کا مؤقف متنازعہ اور مشکوک ہے۔ سپریم کورٹ کا سینئر ججوں پر مشتمل لارجر بنچ تحقیقات کرائے، آزادانہ جے آئی ٹی بنائی جائے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ ملک و ملت سے کھلواڑ کرنے والوں کو سیاسی محاذ پر عبرت بنایا جائے۔ لیاقت بلوچ نے جنوبی پنجاب، ملتان میں الخدمت کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی ویئر ہاؤس میں الخدمت رضاکاران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں سے پانی اُتر رہا ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں غائب ہوتی جارہی ہیں۔ سیلاب متاثرین بحالی کے لیے شفاف اور اصول و میرٹ پر امداد کے منتظر ہیں۔ جماعتِ اسلامی اور الخدمت نے عزم کیا ہے کہ ریسکیو اور ریلیف کی تاریخ ساز سرگرمیوں کے بعد سیلاب متاثرین کی بحالی کے حق کو حکمرانون، ریاستی نظام سے لیکر دیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے وسائل پر ڈاکہ زنی نہیں کرنے دیں گے۔