News Detail Banner

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی معاشی تباہی کی ذمہ دارہیںسراج الحق

1سال پہلے

لاہور26 ستمبر2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی معاشی تباہی کی ذمہ دارہیں، ٹرانس جینڈر بل کے ذریعے حکمرانوں نے ملک کی نظریاتی اساس پر بھی حملہ کیا، اسلامی اقدار کے خلاف ہر قانون کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔ سیکولر اور مغرب پرست ٹولہ سن لے ان کی منصوبے کامیاب نہیں ہوں گی، سازش کے تحت لبرل ایجنڈا کو فروغ دیا جارہا ہے۔ ایٹمی طاقت کا حامل اسلامی ملک دین بیزار قوتوں کو برداشت نہیں۔ قوم اسلام کی سربلندی اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ سودی معیشت اور فرسودہ نظام تباہی کی وجہ، دین آئے گا تو ترقی و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔ تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتیں نعروں کی بجائے کارکردگی بتائیں۔ حکمران قوم کو لڑانے اور تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن، سیلاب کے دوران بھی مفادات کی لڑائی جاری ہے۔ لاکھوں لوگ بھوکے پیاسے خیموں میں پڑے ہیں مگر حکمرانوں کو کرپشن کیسز سے ریلیف چاہیے۔ واضح کرنا چاہتے ہیں کسی ادارے کو حق حاصل نہیں کہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت معاف کرے۔ جماعت اسلامی کرپشن، سودی معیشت، مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کی شمولیت کے خلاف ہر سطح پر احتجاج جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے آرمی افسران اور جوانوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ اگر پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں ملوث لوگوں کا احتساب ہوتا تو کرپشن کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہوسکتے تھے۔ ملک سے اربوں ڈالر لوٹ کر بیرون ملک بنکوں اور آف شور کمپنیوں میں بھیجے گئے، سبھی کے نام منظر عام پر آئے مگر کسی کو کسی نے نہیں پوچھا، ملکی دولت لوٹنے والے تینوں بڑی پارٹیوں کا حصہ ہیں۔ پی ٹی آئی کے دور میں سابق وزیراعظم نے پنڈورا پیپرز پر انکوائری کمیٹی بنائی جس کی تحقیقات آج تک منظر عام پر نہیں آسکی۔ پی ڈی ایم نے اقتدار میں آ کر پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو جاری رکھا، قوم کو اس بارے میں پہلے ہی بتا دیا تھا، تینوں بڑی جماعتیں ایک ہی سکے کے رخ ہیں۔ 13 جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت نے گزشتہ چھ ماہ میں ملک کے مسائل میں مزید اضافہ کیا۔ عوام مہنگائی کی وجہ سے رُل گئے، بجلی کے بل لوگوں کے گھروں پر بم بن کر برس رہے ہیں۔ نوجوان مایوس ہوچکا، عام آدمی اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتا۔ حکمران سیلاب زرگان کی مدد کے لیے بیرونی امداد کے منتظر ہیں۔ قوم نے سیلاب کے موقع پر سب سے زیادہ الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیات دیے جو لوگوں کے جماعت اسلامی پر اعتماد کا مظہر ہے۔ حکومتی اقدامات کا انتظار کیے بغیر اپنے تئیں سیلاب زدگان کی مدد جاری رکھیں گے۔ قوم کی تائید سے اقتدار ملا تو ہر شعبے میں ریفارمز لائی جائیں گی۔

امیر جماعت نے ایک دفعہ پھر مطالبہ کیا کہ حکومت غیر اسلامی ٹرانس جینڈر ایکٹ میں جماعت اسلامی کی طرف سے پیش کی گئی ترامیم شامل کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی خواجہ سراؤں کے حقوق کی بات کرتی ہے مگر نام نہاد بل کے نام پر فحاشی اور عریانی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ سودی معیشت سے جان چھڑا کر ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ حکومت سود پروفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد فرد کی دنیاوی و اخروی زندگی میں کامیابی ہے۔ ہم اللہ کے دین کو تخت پر لانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔