News Detail Banner

تینوں جماعتوں نے ملک کو امریکا کا غلام بنایا، جماعت اسلامی ہی قوم کو سامراجی نظام سے نجات دلا سکتی ہے، سراج الحق

1سال پہلے

لاہور27 اپریل 2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکٹیبلز کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔ چند خاندانوں نے گزشتہ 7دہائیوں سے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔تینوں بڑی جماعتوں نے اپنی اپنی بادشاہتیں قائم کیں، لیکن عوام کی فلاح و بہبود،عدل و انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی قائم نہ کر سکیں۔ ظلم و ناانصافی کا کھیل بند ہونا چاہیے۔ قوم اپنے حق کے لیے کھڑی ہو، آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دے۔ الیکشن متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔دنیا کی بیشتر جمہوریتوں میں یہ نظام کامیابی سے جاری ہے۔ شفاف الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں، سیاسی جماعتیں آپس میں مذاکرات کریں۔ جماعت اسلامی کی انتخابی ریفارمز سے متعلق کمیٹی بھی اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا آغاز کرے گی۔ ہم نے الیکشن اصلاحات سے متعلق ایک جامع ڈرافٹ تیار کیا ہے، چاہتے ہیں کہ سب اس پر متفق ہو جائیں۔ تینوں جماعتوں نے ملک کو امریکا کا غلام بنایا، جماعت اسلامی ہی قوم کو سامراجی نظام سے نجات دلا سکتی ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قرآن و سنت کی حکمرانی قائم کرنا ہو گی۔ ملک کے روشن مستقبل کے لیے واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ قوم اسلامی انقلاب کے لیے کمر کس لے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ”کرپشن فری- اسلامی پاکستان“ کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیربالا، دیر پائن، باجوڑ، سوات اور بونیر کی ضلعی تنظیموں اور سیاسی کمیٹیوں کے ذمہ داران کے مرکز الاسلامی پشاور میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے متعلقہ اضلاع میں جماعت اسلامی کی تنظیمی کارکردگی اور الیکشن سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ افرادکو جماعت اسلامی کے حلقوں میں شامل کریں اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو جماعت کا پیغام پہنچائیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں پڑھے لکھے نوجوانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں نوجوان بے روزگار اور مستقبل سے مایوس ہیں۔ پاکستان کی یوتھ مایوس ہونے کی بجائے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کاآغاز کرے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو امریکی تسلط سے حقیقی معنوں میں نجات دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اس جدوجہد کے دوران ہم نے ”گوامریکاگو“ تحریک چلائی اور افغانستان میں نیٹو افواج کی ظالمانہ کارروائیوں کی ڈٹ کر مخالفت بھی کی۔ 

سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے وعدوں اور دعوؤں کے علاوہ عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔کراچی سے چترال تک لوگ پریشان ہیں۔ ملک پر مسلط حکمران آنے والی نسلوں کے لیے مال جمع کر رہے ہیں جب کہ ملک کی وسیع آبادی بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہی ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ موجودہ حکومت نے بھی پچھلی حکومت والے کام شروع کر دیے ہیں۔ وزیراعظم کو کہہ رہے ہیں کہ وہ منصوبوں کی بجائے ملک میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے پر فوکس کریں۔عوام کو ریلیف دیا جائے، بجلی، گیس اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فی الفور کمی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پونے چار برس خراب کارکردگی کا ملبہ پچھلی حکومت پر ڈالتی رہی اور اب موجودہ حکومت نے پہلے دو تین روز میں ہی یہی رٹ لگانا شروع کر دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قوم میں تقسیم خطرناک صور ت حال اختیار کر چکی ہے۔ سیاست دانوں کو مفادات کی جنگ میں الجھنے کی بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں تفریق کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں استحصالی نظام کا خاتمہ چاہتی ہے۔ ہماری جدوجہد اسلامی فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لیے ہے۔جماعت اسلامی نے مفادات اور گالم گلوچ کی سیاست سے ہٹ کر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری لڑائی کسی فرد یاجماعت سے نہیں بلکہ فرسودہ نظام کے خاتمہ کے لیے ہے۔