حافظ نعیم الرحمن کی قطر کے سفیر سے ملاقات، خلیج ، غزہ صورتحال پر گفتگو
1گھنٹہ پہلے
حافظ نعیم الرحمن کی قطر کے سفیر سے ملاقات، خلیج ، غزہ صورتحال پر گفتگو
دوحہ پاک افغان کشیدگی کے خاتمہ کے لیے مصالحانہ کردار ادا کرے، امیر جماعت اسلامی پاکستان
قطر پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، علی بن مبارک الخاطر
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر سے سفارت خانہ قطر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائیریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی، ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور غزہ میں جاری جنگ و انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پورے خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمان ممالک کو تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے ماضی میں قطر کی غزہ اور افغانستان پر پالیسی کو سراہا اور کہا کہ اس سے قطر کے وقار اور احترام میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے قطر کی سفارتی کاوشیں قابل قدر ہیں اور جماعت اسلامی توقع کرتی ہے کہ قطر پاکستان اور افغانستان میں جاری کشیدگی کے خاتمہ کے لیے مصالحانہ کردار ادا کرے گا۔ جماعت اسلامی پاک افغان جنگ کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے نقصان دہ سمجھتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔


