حکومت کے دن گنے جاچکے،لیاقت بلوچ
2سال پہلے
لاہور17فروری 2022ء
نائب امیر جما عت اسلامی پاکستان وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضا فے کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں دو روزہ احتجاج کیا جا رہا ہے، جماعت اسلامی اسلام آباد حکو مت کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف کل بعد نماز جمعہ شہر کے 15مقامات پر احتجاجی مظاہرے کر ے گی۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، مگر یہاں حکومت نے قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس کی وجہ سے قومی معیشت دباؤ میں آگئی اور پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔ یہ صورت حال تجارت، صنعت اور ملکی زراعت اور تعمیراتی لاگت کے لیے جان لیوا ثابت ہوگی، اس کے خلاف جماعت اسلامی ملک بھر میں احتجاج کرے گی۔ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں قرضوں اور سود کا بوجھ بڑھا کر حکومت مصنوعی اور نمائشی اقدامات سے انتخابی پروگرام دے رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنی ناکامی تسلیم کریں،مستعفی ہو جائیں اورعوام سے نئے مینڈیٹ کے لیے رجوع کیا جائے۔ صحت کارڈ اور احساس پروگرام کا حشر بھی کرونا کے دوران دی گئی امداد میں کرپشن جیسا ہی ہوگا۔ حکومت کی نااہلی نے ملک کو ایک خوفناک معاشی بحران میں مبتلا کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پر یس کانفر نس کر تے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، مرکزی تنظیم تا جران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری، جماعت اسلامی کے میڈیا کوآرڈی نیٹر شاہد شمسی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی بھی مو جو د تھے۔
لیاقت بلو چ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے اور اس پرٹیکس اور لیویز بھی ختم کر ے۔ حکومت نے آئی ایم ایف سے قرض لے کر قومی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ حکومت نے خودانحصاری اختیار کرنے کی بجائے قرضوں سے معیشت چلائی ہے حکومت کی اسی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی ملک بھر میں دھرنے دے رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک آئینی، جمہوری راستہ اور حق ہے، اپوزیشن کوچاہیے کہ وہ اعلان کرے کہ جمہوریت ہی اصل قوت ہے اور اسمبلیوں سے مستعفی ہوکر نئے انتخابات کے لیے ماحول ساز گار بنایا جائے۔ اپوزیشن جماعتوں نے جماعت اسلامی سے رابطہ کیا تو ہم پہلے ان کا ایجنڈا معلوم کریں گے اور اس کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
لیاقت بلو چ نے سینئر صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا آزاد صحافت کے خلاف آمرانہ رویہ دراز ہورہا ہے۔ صحافیوں کی گرفتاریاں، لاپتا کرنا اور تشدد و گولیوں کا نشانہ بنانا معمول بن گیا ہے۔سفید کپڑوں میں ملبوس ہوکر کسی وارنٹ گرفتاری اور پیشگی چارج شیٹ کے بغیرگھر پر دھاوا بولنا ریاستی دہشت گردی ہے۔ اپنی جان اور عزت کے تحفظ کے لیے فرد کچھ بھی کرسکتا ہے۔