News Detail Banner

کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کے دھرنا اور حافظ نعیم الرحمن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کردیا،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہور19جنوری2022ء

نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی پی پی قیادت اور وزیراعلیٰ سندھ جمہوری، عوامی رویہ اختیار کریں۔ سندھ اسمبلی کے ذریعے بلدیاتی ایکٹ کو عوام نے کالا قانون قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئین کی پابند ہیں، بااختیار بلدیاتی نظام دیں۔ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کے دھرنا اور حافظ نعیم الرحمن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔ پی پی پی، مسلم لیگ کی حکومتوں کے بعد پی ٹی آئی حکومت بھی کراچی کے دکھوں اور پریشانیوں میں اضافہ میں شامل ہوگئی ہے۔ سندھ حکومت جمہوری جرأت کا مظاہرہ کرے، دیہی اور شہری نظام، شہری حقوق کو بااختیار بنائے۔ پورے ملک میں عوام جماعت اسلامی کے سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنے کو آئینی، جمہوری اور عوامی جذبات کی ترجمانی قرار دے رہے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے ''بلوچستان کو حق دو'' تحریک میں گوادر دھرنا کے اختتام پر وزیراعلیٰ اور صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری نے تحریری معاہدہ کیا، عوام اور میڈیا کے سامنے عملدرآمد کا اعلان کیا اور تمام عوامی مطالبات کو جائز قرار دیا، لیکن اب عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔ صوبائی حکومت بے بس ہے، تو اپنی بے بسی کا اعلان کردے، عوام کا استحصال نہ کرائے۔ وفاقی اور ریاستی اداروں کے اہلکار کرپشن، مال بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے وفاق، قومی سلامتی کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ اسلام آباد کے بند کمروں میں یکطرفہ قومی سلامتی پالیسی نہیں، گوادر (بلوچستان) کے عوام کا دکھ درد سنیں اور بااختیار بلدیاتی نظام اور شہری حقوق، بنیادی حقوق کی بحالی کو قومی سلامتی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے وزیر پرویز خٹک کی ناراضگی کی تاب نہیں لاسکے اور تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں۔ کرسی بچانے کے لیے عمران خان روایتی سیاست اور اقتدار سے چمٹے رہنے کے لیے اپنے ممبرز، وزرا اور اتحادی پارٹیوں سے بلیک میل ہورہے ہیں۔ ہر آنے والا دن اور ہر گذرتا لمحہ عمران خان سرکار کے خاتمہ کی گھنٹیاں بجارہے ہیں۔ اِسی بے یقینی میں غریب عوام کا کچومر نکل رہا ہے۔ پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ گیس کی بندش، قلت عوام کے لیے عذاب بنادی گئی ہے۔ نااہل حکومت کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔