News Detail Banner

سٹیٹ بنک کے گورنر کو برطرف کیا جائے،امیرالعظیم

3سال پہلے

لاہور04جنوری2022ء

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ مدینہ کی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی دعویدار حکومت نے ملک میں سودی نظام کو تقویت اور اسے آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا۔ سٹیٹ بنک کے گورنر کو برطرف کیا جائے۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو وعدوں و عہدوں کی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے۔ اس حکومت کا کوئی مثبت ویژن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی اعوان ٹاؤن کی جانب سے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں استقبالیہ ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب قیم جماعت اسلامی پنجاب وسطی حافظ ساجد اقبال، محمد انور گوندل، طیب صدیقی، چودھری عبدالقیوم گجر اور اعوان ٹاؤن کوآپریٹو سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداران اور عوام الناس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی نمائندگی اور رہنمائی کا فریضہ اسمبلیوں سمیت ہر فورمز پر ادا کرتی رہے گی۔ حکمرانوں نے ملک کو مسائل کے گرداب میں پھنسا دیا ہے۔انھوں نے کہا حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں اور ملک دشمن فیصلوں نے پاکستان کو دنیا بھر میں مفلستان اور مقروضستان بنا دیا ہے۔ آج ہر پاکستانی دو لاکھ روپے کا مقروض ہو چکا ہے۔ ملک سے خیروبرکت کا فیض اٹھ چکا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کو مفلوک الحال بنا دیا ہے۔ حکمرانوں کا سودی نظام کا دفاع کرنا، ملک پر اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ جماعت اسلامی معاشرے کو امانت دار قیادت دے گی جس سے ملک خوشحالی کی طرف گامزن ہو گا۔ پاکستان میں وسائل کی منصفانہ تقسیم، اخوت و بھائی چارے کے کلچر کے فروغ اور قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ کر کے جماعت اسلامی ملک کو اسلامی و خوشحال بنائے گی۔