News Detail Banner

اسلام سے بڑھ کر کوئی نظام خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتا،راشد نسیم

2سال پہلے

لاہور20نومبر2021ء

نائب امیرجماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا کہ عورت کی نام نہاد آزادی کے علمبردار جان لیں کہ اسلام سے بڑھ کر کوئی نظام خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتا۔ دین فطرت کو اپنانے میں ہی انسانیت کی فلاح اور معاشرہ کی ترقی ممکن ہے۔ مادی ترقی کے باوجود مغرب سمیت پوری دنیا میں عورت کی تضحیک ہو رہی ہے۔ امریکہ میں چلتی ٹرین میں خاتون کی عصمت دری کا واقعہ اور اسلام آباد میں نورمقدم کے ساتھ ہونے والا وحشتناک سلوک اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ موجودہ ظالمانہ اور انسانوں کو انسانوں کا غلام بنانے والا نظام لوگوں کے دکھوں کا مداوا نہیں کرسکتا۔ جماعت اسلامی نظام کو بدلنا چاہتی ہے۔ ہم انسانوں کی دنیادی اور اخروی زندگی میں کامیابی کے لیے میدان عمل میں ہیں۔ قوم ملک کو اسلام کا گہوارہ بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ وہ منصورہ کی مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء  سے خطاب کررہے تھے۔

راشد نسیم نے کہا ہے کہ عورت کے حقوق کے لیے کام کرنے والی نام نہاد تنظیموں کو شاید خود بھی اس حقیقت کاادراک نہیں کہ موجودہ ظالمانہ سرمایہ دارانہ اور باطلانہ نظام کے ہوتے ہوئے یہ ممکن نہیں کہ انسانوں کو سکون اور امن نصیب ہو۔ ہماری عوام سے اپیل ہے کہ وہ دین فطرت کی طرف آئیں۔ انسانوں کے بنائے ہوئے دنیاوی نظام بری طرح ناکام ہوگئے ہیں، اب موقع اللہ کے دیے گئے نظام کوملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کا نظام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے مسائل کے حل کی ضمانت ہے۔