News Detail Banner

اقتصادی تباہی کے ذمہ داران براہِ راست عمران خان ہیں،لیاقت بلوچ

3سال پہلے


لاہور08نومبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں سیاسی انتخابی کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء انتخابات کے بعد ناجائز حکومت،جھوٹا سونامی اور تبدیلی سرکار کا نعرہ بے نقاب اور ناکام ہو گیا ہے۔ عوام کو بڑے عذاب سے دوچار کر دیا گیا ہے۔ قومی سلامتی، جمہوریت، آئین اور پارلیمانی نظام کے حکومت سیکورٹی رِسک بن گئی ہے۔ اسٹیٹس کو بدترین ہوگیا اورگڈگورننس ناپید ہے۔ ہرمحاذ پر نااہلی، بدانتظامی اورعدم حکومت سے حکومتی رِٹ اور ساکھ ختم ہو گئی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اقتصادی تباہی کے ذمہ داران براہِ راست عمران خان ہیں۔ 40 ماہ میں جھوٹے دعوے، بدزبانی تہذیبی، بدکلامی اور سماجی اسلامی نظریاتی بنیادوں کو کمزور کرنے کا عمل تیز کیا گیا ہے۔ پوری قوم مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور بدترین طرز حکمرانی سے بے زار اور باغی ہو گئے ہیں۔ پٹرول، بجلی،قرضوں، کرپشن میں مسلسل اضافہ نے پیداواری لاگت پر ناقابل برداشت بوجھ بڑھا دیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی پانامہ سکینڈل، پنڈورا پیپرز، قوم کی دولت لوٹنے والوں اور میگا سکینڈلز، قرضے معاف کرانے والوں کے احتساب کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ عمران سرکار نے کرپٹ مافیا کو تحفظ دے کر عوام کو لاوارث چھوڑدیا اور عوام کو ذخیرہ اندوزوں، چینی، آٹا، بجلی، پٹرول چور مافیا کے حوالے کر دیا ہے۔ عمران خان حکومت کے پاؤں اکھڑ گئے ہیں، حکومت اور ریاست کی سردجنگ خوفناک ہورہی ہے۔ عمران خان استعفیٰ دیں، قومی اسمبلی نیا لیڈر آف ہاؤس کا چناؤ کرے، اسمبلیاں آئینی مدت پوری کریں۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور قرآن وسنت سے متصادم حکومتی اقدامات کے خلاف اپنے پلیٹ فارم سے جدجہد جاری رکھے گی۔17نومبر کو طلبہ اور 28 نومبر کو نوجوان اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ حکومت کے خاتمہ کے لئے آئینی طریقہ کار کا ساتھ دیا جائے گا۔ آئین سے بالا کوئی بھی اقدام ایڈونچر ملک کے لئے تباہی ہو گا۔