قرآن و سنت کا نظام ملک میں عدل و انصاف اور امن و امان لا سکتا ہے،حافظ محمد ادریس
3سال پہلے
لاہور05نومبر 2021ء
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام ملک میں عدل و انصاف اور امن و امان لا سکتا ہے۔ طاغوتی نظام انسانوں کو اپنی غلامی میں جکڑنے کا قانون ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے ہر پاکستانی کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا۔ پاکستان میں جنم لینے والا بچہ لاکھوں روپے کا مقروض پیدا ہوتا ہے۔ غربت اور مہنگائی سے ستائے عوام بھوک کے خوف سے راتوں کو چین کی نیند نہیں سو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ ادریس نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت کی انتہا اور چوری، ڈاکہ زنی عام ہو گئی ہے۔ سودی کاروبار نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، جس کی وجہ سے ملک میں غربت اور مہنگائی عروج پر ہے۔ پی ٹی آئی کی سونامی کی تباہ کاریاں زبان زد عام ہیں۔ عوام حکمرانوں کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔ جمہوریت کے نام پر ملک میں لوٹ مار جاری ہے۔ جب لوگ نام نہاد جمہوریت سے آزادی حاصل کرنا چاہیں، تو انھیں زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھاجا سکتا۔ غریب کا تڑپنا انھیں نظر نہیں آتا۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ حکمرانوں کا مشغلہ بن گیا ہے۔ اسلامی نظام ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہے۔ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ان شاء اللہ ایک دن ملک میں اسلامی قانون نافذ ہو کر رہے گا۔