ڈینگی نے ملک میں پنجے گاڑ لیے ہیں،مریض دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں،محمد جاوید قصوری
3سال پہلے
لاہور 31۔اکتوبر 2021
نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ڈینگی نے ملک میں پنجے گاڑ لیے ہیں۔ مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ایک دن میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں 452افراد میں ڈینگی کی تصدیق تشویشنا ک ہے۔ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ان کے لواحقین در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پانی مقررہ مقدار سے زیادہ ملاوٹ والا سپرے کرنے، کرونا کی وجہ سے سرویلینس نہ ہونے سے وبا کنٹرول سے باہر ہوئی ہے۔ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے بروقت اقدامات کرتے تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔ المیہ یہ ہے کہ جب پانی سر سے گزر جاتا ہے تو حکمرانوں کو ہوش آتا ہے۔ اس کی جانب ہم شروع دن سے حکمرانوں کی توجہ مبذول کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈینگی وبا کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر جاری سرگرمیاں اور تیز کی جائیں۔ گلی محلوں میں ڈینگی سپرے باقاعدگی سے کروانے کا اہتمام کیا جائے۔ لوگوں میں اس حوالے سے شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد جاوید قصوری نے حکومتی ناقص پالیسیوں اور روایتی سست روی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت کے پاس وژن کی کمی ہے تو اس کو برسراقتداررہنے کا کوئی حق نہیں۔ پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔ کوئی ایک سیکٹر بھی ایسا نہیں جہاں عوام کو ریلیف میسر ہو۔ حکومت وقت کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیاں عوام کے لیے نہیں بلکہ اشرافیہ کو نوازنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔