حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کو فی الفور واپس لے،فرید احمد پراچہ
2سال پہلے
لاہور16 اکتوبر2021ء
نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے پیٹرول، ڈیزل، بجلی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران بتائیں کہ وہ پاکستانی قوم کو کس جرم کی سزا دے رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اتنی نہیں بڑھیں جتنا اضافہ حکومت نے کر دیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ 40فیصد ملکی تیل کی قیمتیں بھی عالمی شرح سے لگائی جا رہی ہیں، اسی طرح مڈل ایسٹ سے خریدے جانے والے تیل کی قیمتوں کا تعین ٹیکساس کی مارکیٹ کے اعتبار سے کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اندھا دھند اضافہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی حکومت اپنے ہی عوام کی اتنی دشمن نہیں ہوتی جتنی عوام دشمنی اور غریب کشی کا مظاہرہ موجودہ حکمران کر رہے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت موجودہ تمام اضافوں کو فی الفور واپس لے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کو خوش کرنے کی بجائے پاکستانی عوام کے دکھ درد کا مداوا کرے۔