News Detail Banner

جماعت اسلامی پاکستان کے اسلامی نظریاتی وجود اور سلامتی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے،لیاقت بلوچ

3سال پہلے


لاہور06 ستمبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی،سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 1965ء کی جنگ پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ لیاقت بلوچ نے 16 ستمبر کو سید علی گیلانی کے تعزیتی ریفرنس اسلام آباد کی تیاریوں کے لئے انتظامی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں فوجی افسران، نوجوانوں اورعوام نے پاکستان کے دوقومی نظریہ اورجغرافیائی سرحدوں کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔ افواج اورعوام یک جان اور پر عزم تھے، ہندوستان کے غرور کو توڑ دیا تھا۔ آج بھی پاکستان خطرات میں گرا ہوا ہے۔ بکھرے شیرازہ کو جوڑ کر دشمن کے مقابلہ میں سیسہ پلائی دیوار بنا جائے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے اسلامی نظریاتی وجود اور سلامتی کے لئے ہر قربانی دے گی۔ آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، افغانستان قومی سلامتی سے جڑے ایشوز ہیں۔ سید علی گیلانی نے جرات مندانہ اور مجاہدانہ موقف وکردار سے بھارت کے عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔ افغانستان میں عوام نے امریکی استعمار کو اپنی سر زمین سے نکلنے پر مجبور کر دیا ہے۔ پرامن مستحکم افغانستان خِطہ کی ضرورت ہے وہی اسلامی خوشخالی ا ور اقتصادی اعتبار سے مستحکم پاکستان بھی خطہ کے لئے اہم تر ہے۔ قومی ترجیجات اور قومی متفقہ حکمت عملی قومی ضرورت ہے۔

دوسری جانب عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی دفاتر میں علما کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ 7ستمبر کا دِن آئین پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت کو تحفظ دیئے جانے کی وجہ سے قومی دِن ہے۔ مینارِ پاکستان کانفرنس میں انتظامیہ اور پنجاب حکومت رکاوٹیں ڈالنے سے اپنے آپ کو رسوا نہ کریں۔ تمام دینی طبقات کے پروگر اموں کے انعقاد کے لئے متوازن حکمت عملی اختیار کی جائے۔ پسند وناپسند سے تفرقہ اور شدت پیدا ہوتی ہے۔ علما کا متفقہ فیصلہ ہے کہ قادیانی سرگرمیوں اور لادین شیطانی حرکات کے سدِباب اور ختم نبوت تحفظ کے لئے ہر جدوجہد اور قربانی دی جائے گی۔

لیاقت بلوچ نے سینئرصحافی،کالم نویس،اینکر پرسن جنید سلیم کی والدہ اور سلمان غنی کی ممانی کی وفات پر مرحومہ کی رہائش گاہ پر تعزیت کی اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔ مرحومہ اسلامی تحریک اور اقامتِ دین کی جدوجہد کی مجاہدہ تھیں۔