News Detail Banner

حکمران اگر عافیہ کو واپس نہیں لاتے تو انہیں دنیا و آخرت میں عافیت نہیں ملے گی،سراج الحق

3سال پہلے

لاہور/05ستمبر

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران اگر عافیہ کو واپس نہیں لاتے تو انہیں دنیا و آخرت میں عافیت نہیں ملے گی، بہت شرمناک فعل ہے قوم کی بیٹی پر ڈالروں کو ترجیح دی گئی، قرآن وسنت کے احکامات کو فراموش کرنے سے ذلت، محکومی اور غلامی ہمارا مقدر بن چکی ہے۔ حکمران مہلت کی گھڑیاں ختم ہونے سے پہلے اپنی سمت درست کر لیں، ملت کا اجتماعی فریضہ ہے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ان حکمرانوں کو جھنجھوڑا جائے۔ داؤد غزنوی نے موثر کتاب لکھ کر بہت سارے حقائق سے پردہ چاک کر دیا ہے۔ گوانتاناموبے کے قیدی آزاد ہو سکتے ہیں تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیوں نہیں؟۔ گوانتا ناموبے سے وہ تمام قیدی رہا ہوگئے جن کے بارے میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھاکہ وہ زندہ واپس آئیں گے۔ ریمنڈ ڈیوس، ابھی نندن کو دن کی روشنی میں رہا کیا گیا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے بتایا ان  کی بیٹی نے کہا کہ روز محشر رسول اللہ ﷺ کے قدموں میں بیٹھ کر حکمرانوں کے بارے میں شکایت کروں گی کہ ان لوگوں نے مجھے فروخت کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں بیرسٹر داود غزنوی کی کتاب  (عافیہ صدیقی کا مقدمہ نہ سنایا گیا) کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس ر اعجاز چوہدری، سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان، وفاقی وزیر وپارلیمانی امور علی محمد خان، نوم چومسکی، فرخ سہیل گوئندی اور صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد مقصودبٹر نے خطاب کیا۔ جبکہ، ڈاکٹر شفیق جالندھری، تاثیر مصطفی اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصرشیریف سمیت دیگر افراد بھی شریک تھے۔ 

               سراج الحق نے کہا کہ ضمیر فرو ش، وطن فروش حکمرانوں نے ملک کے دامن پر ایسے داغ لگائے ہیں جنھیں دھونے کے لیے ہمیں سامراجی قوتوں کے پروردہ ایجنٹوں کے خلاف جدوجہد کرناہوگی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا وعدہ کیا تھا لیکن دونوں  نے اپنے وعدے سے بے وفائی کی۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے اس وقت مناسب موقع ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کو نکالنے کے لیے موثر کردار ادا کیا اور امریکہ بھی ہمارے حکمرانوں سے بڑا خوش ہے۔ یہی مناسب وقت ہے کہ ہم حکمرانوں کو مجبو ر کریں وہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے امریکہ پر دباو ڈالیں۔ انہوں  نے کہا کہ حکمران ٹیپو سلطان، محمود غزنوی اور محمد بن قاسم  بننے کے دعوے کرتے ہیں لیکن عمل اس کے برعکس کرتے ہیں۔ حکومت باتوں کی بجائے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لائے۔