News Detail Banner

پاکستان کی سیاست سے باوقار اور جمہوری قیادت رخصت ہورہی ہے اور عملاً قومی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہورہا ہے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور03 ستمبر2021ء

نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی، انتخابی و قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے بلوچستان سے قومی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے سردار اختر مینگل سے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور پوری قوم ایک بااصول، جموری اور باوقار رہنما سے محروم ہوگئی۔ 1970 سے مرحوم نے جمہوریت، آئین اور بلوچستان کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ پاکستان کی سیاست اور جمہوری منظرنامے سے باوقار، وضع دار اور جمہوری قیادت رخصت ہورہی ہے اور عملاً قومی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہورہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ میں عظیم حریت رہنما سید علی گیلانیؒ کی غائبانہ نمازِ جنازہ کی اِمامت کرائی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانیؒ نے تحریکِ حریتِ کشمیر، کشمیریوں کی قیادت اور حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ حریت رہنما کے دنیا سے رُخصت ہونے کے بعد کشمیری نوجوانوں کے اندر نیا ولولہ اور جوش پیدا ہوا ہے۔ سید علی گیلانیؒ کے جسدِ خاکی سے بھارتی استعمار کا خوف آزادی کی جدوجہد کو نیا رُخ دے گا۔ افغانستان میں امریکی استعمار کی شکست اور میدان چھوڑکر بھاگنے کا منظر بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں بھی اُبھرے گا اور بھارتی برہمن فاشسٹ استعمار میدان چھوڑکر بھاگے گا۔ سید علی گیلانیؒ کا مشن اللہ کی مدد اور رحمت سے ضرور کامیاب ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے گوجرہ میں سابق قومی رہنما حمزہ مرحوم کی تعزیت کی اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں افغان عوام اور طالبان کی عظیم فتح مِلتِ اسلامیہ کے لیے مژدہ جان فزا ہے۔ کشمیر، فلسطین، شام، یمن، روہنگیا، لیبیا میں مظلوم مسلمانوں، بے کس انسانوں کو آزادی، باوقار زندگی کی روشنی مل گئی ہے۔ افغانستان میں امن و استحکام اور تمام گروہوں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ 20سالہ جدوجہد میں کامیابی کے بعد طالبان افغانستان میں امن اور استحکام لانے میں بھی ضرور کامیاب ہونگے۔ افغانستان میں ہر گروپ کی قیادت عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کا مہرہ بننے سے انکار کردے، مسلح تصادم اور قتل و غارت گری کی بجائے ڈائیلاگ سے مسائل حل کریں۔