News Detail Banner

ملک میں عملاً آئی ایم ایف اور فیٹف کا حکم چل رہا ہے،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہور21/اگست 2021ء 

    نائب امیر جماعت اسلامی و مجلس قائمہ سیاسی انتخابی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان سرکار نے سہ سالہ دورِ اقتدار میں قومی وحدت، سیاسی جمہوری اقدار، اخلاقی تہذیبی بنیادوں، اقتصادی زوال کو تیز تر کیا ہے۔ تین سال میں تبدیلی، سونامی، نیا پاکستان، سب کا احتساب، سب نعرے ہوائی فائرنگ اور سیاسی بڑھک بازی ہی شامل ہوئے ہیں۔ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں ربڑ سٹیمپ تو پہلے ہی تھیں، لیکن ان تین سالوں میں منتخب اداروں کو بدتہذیبی اور سیاست میں انتہا اور شدت کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ کسی بھی محاذ کے اصلاح احوال اور نیا پاکستان بنانے کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ عملاً پی ٹی آئی دور اقتدار فوجی آمریتوں، بھٹو اور شریف خاندانوں، مفاد پرست گروہوں کی ناکامیوں کا تسلسل ہی ثابت ہوا۔ 

    لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ان تین سالوں میں کووڈ 19، مقبوضہ کشمیر پر فاشسٹ مودی کے ہولناک مظالم، فلسطینیوں پر صیہونیوں نے قیامت ڈھائی، افغانستان میں افغان عوام طالبان کی عظیم فتح کے خلاف استعماری قوتوں کی جاری سازشوں اور تباہ حال استعماری عزائم کے خاتمے کے لیے وزیراعظم عمران خان متفقہ قومی پالیسی اور حکمت عملی بنانے میں ناکام رہے۔ خوش نما تقاریر، اڈہاک ازم کے روایتی اقدامات سے پاکستان اور زیادہ مشکلات کا شکار ہوا ہے۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ تین سالوں میں افراط زر میں اضافہ، عوام کی قوت خرید میں مسلسل کمی اور بے روزگاری کے لشکر میں اضافہ، بیرونی اور اندرونی قرضوں میں بے تحاشا اضافہ، بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ، تجارتی خسارے میں اضافہ اور حکومتی نااہلی اور بدانتظامی نے قومی معیشت کو لاچار اور مقروض کر دیا۔ عملاً آئی ایم ایف اور فیٹف کا حکم چل رہا ہے۔ سب کا احتساب کا دعویٰ سب کرپٹ مافیاز کا محافظ بن گیا ہے۔ 

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی، نااہلی، عوامی مشکلات کو تسلیم کرے اور عوام سے نئے مینڈیٹ کے لیے رجوع کیا جائے یا عمران خان تکبر، غرور اور نفرت اور نااہل ٹیم کا سہارا چھوڑیں۔ قومی ترجیحات، قومی سلامتی اور انتخابی اصلاحات کے لیے آگے بڑھ کر قومی ڈائیلاگ کا راستہ کھولیں۔