News Detail Banner

عالم اسلام کو متحد ہوکر امریکہ و اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن اقدام کرنے کی ضرورت ہے، حافظ نعیم الرحمن

15گھنٹے پہلے

عالم اسلام کو متحد ہوکر امریکہ و اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن اقدام کرنے کی ضرورت ہے، حافظ نعیم الرحمن
ملک میں عدل و انصاف کے نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد کو مزید تیز تر کیا جائے، ضلع وسطی کے تحت امریکہ اسرائیل مردہ باد جلسے سے خطاب
پیٹرول کی قیمتوں میں 55روپے اضافے کو مسترد، عالمی سطح پر قیمت میں کمی ہوئی تو حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کیوں نہیں کی
مشرق وسطی کے لوگ پریشان ہیں، خلیج کی ریاستوں میں امریکی اڈے ریت کے ڈھیر ثابت ہورہے ہیں۔سیدوجیہ حسن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ضلع وسطی کے تحت فتح باغ بلاک ایف نارتھ ناظم آباد میں امریکہ و اسرائیل مردہ باد جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ مل کر مسلم ممالک کو ٹارگٹ کررہا ہے۔ غزہ میں 75 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔ اسرائیل نے غزہ پر ایسے فاسفورس بم برسائے جس میں انسانوں کی لاشیں ہواؤں میں ہی تحلیل ہوگئیں،اسرائیل کے وزیراعظم نے صرف ایران کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ وہ نیل سے فرات تک گریٹر اسرائیل بنانا چاہتاہے۔ امریکہ اسرائیل کی کھل کر پشتیبانی کررہا ہے۔ ایسی صورتحال میں عالم اسلام کو آپس میں متحد ہوکر امریکہ و اسرائیل کے خلاف جدو جہد اور فیصلہ کن اقدام کرنے اور ملک میں عدل و انصاف کے نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے،پیٹرول کی قیمتوں میں 55روپے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کو اعلان کرنا چاہیئے کہ کوئی بھی سرکاری افسر 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں استعمال کرے گا۔ جب عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی تو اس وقت ہماری حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کیوں نہیں کی،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطین میں 2006 میں حماس نے جمہوری طریقے سے کامیابی حاصل کی تھی جو امریکہ کو پسند نہ آئی۔امریکہ اب ایران کے عوام سے چاہتا ہے کہ و ہ اپنی قیادت تبدیل کریں۔ ڈونلڈ ٹرمپ سمجھ رہا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کرنے کے بعد اپنی مرضی کا رجیم چینج لے آئے گا۔ امریکہ ایران میں اپنے اس منصوبے میں ناکام ہوچکا ہے۔وقت کا طاغوت امریکہ ہے جو اللہ کے نظام کے مقابلے میں اپنا نظام نافذ کرنا چاہتا ہے، بد قسمتی سے حکمران امریکہ کے نام نہاد پیس بورڈ میں شامل ہونے کے لیے مقابلے کرتے ہیں۔ امریکہ طاغوت و شیطان ہے اور اسرائیل کے ساتھ مل کر دنیا میں فساد پھیلارہا ہے۔ امریکہ کی اسٹبلشمنٹ ان لوگوں پر مشتمل ہے جو صیہونیوں کے مرہون منت ہیں۔ دنیا کی معیشت اور سیاست پر ان لوگوں نے کنٹرول کیا ہوا ہے لیکن امریکہ میں اب خود عوام اپنی ہی حکومت کے خلاف گھروں سے نکلنا شروع ہوچکے ہیں۔ موجودہ عالمی نظام جو طاقتوروں کے پاس ہے اب مزید نہیں چل سکے گا۔امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں امریکہ و اسرائیل کی بمباری جاری ہے۔ مشرق وسطی کے لوگ انتہائی پریشانی کا شکار ہیں، خلیج کی ریاستوں میں آج امریکی اڈے ریت کے ڈھیر ثابت ہورہے ہیں۔ اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں اپنی طاقت کے ذریعے سے غزہ پر بمباری کرتا رہا۔ غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیے چند ایک کے سوا کسی بھی مسلم حکمران کی جانب سے کچھ نہیں کیا گیا، ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس کے نام سے بورڈ بنایا گیا ہے۔ مسلم حکمران ٹرمپ کے مقاصد پورے کے لیے لائن لگا کر کھڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے حکمران بورڈ آف پیس میں کیوں موجود ہیں۔ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت بحال ہوگی تو پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہی ہوں گے۔