حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے، ابراہم اکارڈ کا حصہ بننے کا خواب بھی نہ دیکھیں، حافظ نعیم الرحمن
2گھنٹے پہلے
حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے، ابراہم اکارڈ کا حصہ بننے کا خواب بھی نہ دیکھیں، حافظ نعیم الرحمن
جنگ کسی صورت بھی پاکستان، افغانستان کے مفاد میں نہیں، مذاکرات بحالی کی اطلاعات خوش آئند ہیں
مینار پاکستان پر اجتماع عام ملک کی سیاست کا دھارا تبدیل کردے گا، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا بنو قابل تقریب سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی اسرائیل کو تسلیم کرنے اور ابراہم اکارڈ کا حصہ بننے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکمران ایسا کرنے کا خواب بھی نہ دیکھیں، انہیں ٹرمپ کی غلامی قبول ہوگی، پاکستان کے عوام غلام نہیں، یہ اہل فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
راولپنڈی میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام بنو قابل آئی ٹی کورسز کے سلسلہ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات سے مسائل حل کریں، جنگ پاکستان کے فائدہ میں ہے نہ افغانستان کے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کو طالبان حکومت کو دھمکیاں دینا کسی صورت زیب نہیں دیتا، کابل بھی ضمانت دے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی، افغان حکومت کو یہ لکھ کر دینے میں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو اس کا مطلب یہ لیا جائے گا کہ وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، بھارت دونوں ممالک کا دشمن ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اسلام آباد اور کابل مذاکرات کی بحالی پر رضامند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کشمیر کی آزادی پر توجہ صرف کرے۔
ہزاروں طلبا وطالبات نے مفت آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے لیے امتحان دیا۔ صدر الخدمت پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور عثمان آکاش نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ جبکہ امیر راولپنڈی عارف شیرازی، صدر الخدمت شمالی پنجاب رضوان احمد، صدر راولپنڈی ہارون الرشید اور دیگر راہنما بھی اس موقع پر موجودتھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر الخدمت اور جماعت اسلامی کی ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے راولپنڈی کے عوام کو نومبر میں مینارپاکستان کے سائے تلے جماعت اسلامی کے تین روزہ اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ اجتماع عام ملک کی سیاست و معاشرت کا دھارا تبدیل کردے گا اور انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ تعلیم اور سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں جھوٹ کی بنیاد پر سیاسی پارٹیاں اور شخصیات تیار کی جاتی ہیں، حکمرانوں نے نوجوانوں سے وعدے کرکے پورے نہیں کیے، عوام جھوٹے نعرے لگانے والوں کو پہچانیں، شخصیت پرستی کی طرف نہ جائیں بلکہ جماعت اسلامی سے مل کر فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کو شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی استحصالی و طبقاتی نظام تعلیم کو مسترد کرتی ہے، اعلیٰ اور بہترین تعلیم کسان، مزدور، غریب کے بچے کا بھی حق ہے، تعلیم خیرات نہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نوجوان ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں مگر انہیں وسائل اور مواقع دستیاب نہیں۔ الخدمت نے بنوقابل کے ذریعے اپنے حصہ کی شمع روشن کی ہے۔ ملک کے بڑے شہروں میں لاکھوں طلبا وطالبات نے بنوقابل مفت آئی کورسز کے لیے امتحان دیا، حکومت منظر نامے کو دیکھے اور نوجوانوں کو پڑھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے، حکمران بتائیں کہ اگر الخدمت لاکھوں نوجوانوں کو مفت تعلیم فراہم کررہی ہے تو ریاست یہ آئینی ذمہ داری ادا کیوں نہیں کرتی؟


