ٹرمپ کو سر پر بٹھانے اور بھلائی کی امیدیں لگانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔حافظ محمد ادریس
1دن پہلے

اسرائیل ٹرمپ کی سرپرستی میں غزہ میں قتل عام کررہا ہے۔حکمران غزہ میں ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
حافظ محمد ادریس کا جامع منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب
لاہور۔یکم اگست 2025ء
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور معروف اسلامی سکالر حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ اسرائیلی درندگی اور مظالم کے خلاف دنیا سراپا احتجاج ہے اور غزہ میں جنگ بندی کیلئے مظاہرے کررہی ہے مگر امریکہ پوری ڈھٹائی سے سرائیل کی حمایت اور سرپرستی کرتے ہوئے غزہ میں قتل عام کروا رہا ہے۔قومی حمیت سے عاری حکمران اسرائیل اور امریکہ کی مذمت کرنے کی بجائے ٹرمپ کی چاپلوسی میں لگے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حق دو بلوچستان کو لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اپنی حکمرانی کیلئے ایک بار پہلے بھی پاکستان کی سا لمیت کے ساتھ کھلواڑ کرچکی ہے۔ملک میں جمہوری اور پارلیمانی جدوجہد کو راستہ نہیں دیا جارہا اور جو لوگ آئین کی بالادستی،قومی وحدت اور یکجہتی کے لئے کام کررہے ہیں، ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حق دو بلوچستان کو،تحریک کے قائد امیر جماعت اسلامی بلوچستان اپنے مطالبات پیش کرنے اسلام آباد جانا چاہتے ہیں مگر انہیں اپنے ملک کے دارالحکومت تک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ظلم و جبر کے اس رویہ کا خمیازہ ہم بنگلا دیش کی صورت میں بھگت چکے ہیں۔حکمرانوں اور مقتدر قوتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔بلوچستان کے عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں مگر حکمران ان کی بات سننا بھی گوار ا کررہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی،حق دو بلوچستان کو،تحریک کے ساتھ ہے اورہم اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔