News Detail Banner

لیاقت بلوچ کی ضلع کشمور میں ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں منعقدہ احتجاجی دھرنے میں شرکت

5دن پہلے

پیپلز پارٹی مسلسل 17 سال سے اقتدار میں ہے لیکن امن قائم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے یاڈاکوراج کی سہولتکاربنی ہوئی ہے۔عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیا گیا ہے امن عوام کا بنیادی حق ہے، لیاقت بلوچ
اسلام آباد (نامہ نگار) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے ضلع کشمور کندھ کوٹ میں بدامنی اور ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے شہری اتحاداور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں منعقدہ احتجاجی دھرنے میں شرکت کرکے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ پرزوردیا کہ وہ ان مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی اورآوازبن کرسینٹ وقومی اسمبلی میں کشمورسمیت سندھ میں قیام امن کے لیے صدائے احتجاج بلند کریں، آسلام آباد کامیڈیا بھی سندھ وکشمور کے عوام کے دردکو نہ صرف ایوان اقتداربلکہ پوری ملک کے عوام تک آوازپہنچائیں۔انہوں نے سوال کیا کہ آخر کیوں پولیس اورقانون نافذکرنے والے ادارے مٹھی بھرڈاکوﺅں اوران کے سرپرستوں کے آگے بے بس بنے ہوئے ہیں۔عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیا گیا ہے۔امن عوام کا بنیادی حق ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن کی بحالی ہے۔ گزشتہ سال پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں امن و امان کے لیے 200 ارب خرچ کیے لیکن اس کے باوجود سندھ کے عوام امن کے لیے ترس رہے ہیں۔آئندہ مالی سال کے لیے اس بھی زیادہ بجٹ رکھا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی مسلسل 17 سال سے اقتدار میں ہے لیکن امن قائم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے یاڈاکوراج کی سہولتکاربنی ہوئی ہے۔ اس کے باوجود سندھ کے سرداروں وڈیروں اورپیروں کی اکثریت پیپلز پارٹی سے وابستہ ہے۔ سندھ کے عوام ترقی، روزگار، صاف پانی تو اپنی جگہ مگروہ جان و مال کے تحفظ کے لیے پریشان ہیں۔ بہت سے ہندو خاندان اور مسلمان اپنے آبائی گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ 50 مجرم سندھ حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے زیادہ طاقتور کیسے ہو سکتے ہیں؟ اب کشمورکے عوام،متاثرہ خاندان اور معززین نے سندھ حکومت سے مایوس ہو کر اسلام آباد کا رخ کیا ہے۔ جماعت اسلامی ان کے دکھ درد کو اپنادرد سمجھتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن نے کندھ کوٹ پہنچ کر بدامنی کے خلاف دھرنے میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ اس سے قبل سراج الحق کندھ کوٹ اور شکارپور میں بدامنی کے خلاف ریلیوں اور دھرنوں سے بھی خطاب کر چکے ہیں۔ اس موقع پر شہری اتحاد کے صدر ڈاکٹر مہر چند، ایس یو پی کے زریعت بجارانی، جماعت اسلامی سندھ کے سابق امیر حافظ نصر اللہ چنہ، ضلعی امیر غلام مصطفی میرانی و دیگر بھی موجود تھے