News Detail Banner

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایران پر امریکی حملے کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دیا اور اس نے ایران پر بم برسانے شروع کردیئے،

5دن پہلے

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایران پر امریکی حملے کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دیا اور اس نے ایران پر بم برسانے شروع کردیئے، انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی 88لاکھ فوج کی موجودگی میں غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ امریکہ اور اسرائیل انسانیت کے دشمن ہیں امریکہ ہمارا دوست نہیں ہو سکتا ہمیں امریکہ سے اور امریکہ کے غلاموں سے بھی آزاد ہونا ہوگا انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ دنیا میں جو حق اور سچ کی تحریکیں چل رہی ہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے ان کا ساتھ دیا جائے،نوجوانوں کو ڈیجیٹل سفیر بننا ہوگا اور اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہوگا،اس پر نظر رکھیں کہ کوئی ہمیں دوبارہ فروخت نہ کردے،۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ریڈ مودودی ایپ کا افتتاح کردیا۔
ایپ پر سید مودودی سے متعلق مواد اور اُن کی تحریریں موجود ہونگی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کنونشن سنٹر میں جماعت اسلامی میڈیا سیل کے زیر اہتمام یوتھ ڈیجیٹل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیجیٹل سمٹ میں شریک نوجوان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،تقریب میں خواتین کی بھی اچھی نمائندگی ہے یہاں سے جانے کے بعد آپ اچھے طریقہ سے پاکستان کی نمائندگی کرسکیں گے پاکستان کے ڈیجیٹل سفیر بن سکیں گے۔ امریکہ نے ایران پر حملہ کرکے دنیا کا امن تباہ کردیا ہے۔کل ٹرمپ نے بیان دیا کہ ہم دو ہفتے انتظار کریں گے اس کے بعد ایکشن کریں گے، پہلے دن ہی وعدے کو توڑ دیا ہے، اس وقت امریکہ انسانی اور اخلاقی طور پر کوئی چیزخاطر میں نہیں لارہا، امریکا کا زوال شروع ہوگیا ہے، اس کے لیے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسال سے اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کررہاہے،عالمی عدالت نے اسے مجرم قرار دیا ہے مگر کوئی اسرائیل کو روکنے والا نہیں ہے۔۔ ایران نے اسرائیل پر حملہ نہیں کیاہے تو اسرائیل نے ایران پر کیوں حملہ کیا ہے؟۔ فلسطینیوں کی نسلیں کیمپوں میں پیدا ہوئی ہیں اسرائیلی جیلوں میں سینکڑوں فلسطینی قید ہیں۔حماس کی جدوجہد عالمی قوانین کے مطابق ہے حماس کی مزاحمت کے باعث امریکہ اسے دہشت گرد کہتا ہے۔ٹرمپ کو امن کا پیامبر کہا گیا اس نے ایران پر 2000کلوگرام سے بڑے بم برسانے شروع کردیئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ کے عوام نے سب کو آئینہ دیکھایا ہے مسلم ممالک کی 88لاکھ آرمی ہے مگر غزہ میں بچے روز شہید ہورہے ہیں۔ روزانہ 80سے 100لوگ شہیدہورہے ہیں جن میں سے 50 بچے ہوتے ہیں۔اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ہے اب ایران کے میزائل اسرائیل پہنچ رہے ہیں، ان کو پیچھے ہٹنا پڑے گا اس ظلم کو روکنا ہوگا۔ دنیا میں جو حق اور سچ کی تحریکیں چل رہی ہیں ڈیجیٹل طور پر ان کا ساتھ دیں۔ فلسطینیوں کے لیے جو آواز اٹھارہے ہیں ان کا ساتھ دیں۔ یہ کیسی جمہوریت اور اقوام متحدہ ہے جہاں دنیا ایک طرف اور ایک ویٹو پاور ایک طرف، امریکہ غزہ میں بمباری کی سپورٹ کررہا ہے۔ امریکہ انسانیت کا قاتل ہے۔ان کو بادشاہت اور آمریت پسند ہے یہ اسلام پسندوں کی حکومت لانے نہیں دیتے ہیں اپنے پسند کے حکمران لاتے ہیں۔امریکہ میں الیکشن میں ٹرمپ نے جنگ بند کرنے کا اعلان کیا تھا یوکرین کی جنگ بند ہوجائے گی،غزہ میں جنگ بند ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے لوگوں نے ان کی کیمپین میں حصہ لیا، اب ان لوگوں کے اثاثوں میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوگیا ہے۔ 1فیصد دنیا کی آبادی کے پاس 95فیصد لوگوں کے برابر دولت ہے۔ امریکہ کی ہتھیاروں کی صنعت جنگوں کی وجہ سے ترقی کرتی ہے جنگ ہوگی تو ان کی معیشت چلے گی۔ ہم ایران غزہ اور مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ سرمایہ درانہ نظام ڈیلیور نہیں کررہاہے،ہمارا دین مکمل نظام رکھتا ہے جو تمام انسانوں کو ایک نظر سے دیکھتا ہے۔ یہ سوشل میڈیا کا دور ہے پہلے میڈیا کے ذریعے امریکہ اپنے لوگوں کو بیوقوف بناتا تھا،عراق پر جھوٹ کی بنیاد پر حملہ کیا اور لاکھوں لوگوں کو قتل کردیا۔ عراق کو تباہ کیا وسائل لوٹ لیئے۔ ویتنام اور چاپان میں لاکھوں لوگوں کو امریکہ نے قتل کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا پر گرفت رکھی تھی۔ سوشل میڈیا نے مظلوموں کی آواز دنیا تک پہنچائی ہے اور لوگوں کو اکٹھا کیا ہے فلسطین میں ہزاروں شہید ہوئے جس نے دنیا میں اسرائیل کو بے نقاب کردیاہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں 78سال ہوگئے ہیں ایک مخصوص طبقہ پاکستان پر حکمرانی کررہاہے جو زراعت کو ترقی نہیں دیتے مگر زراعت پر قبضہ کیا ہوا ہے، تنخواہ دار طبقہ نے 500ارب روپے ٹیکس دیا جبکہ جاگیرداروں نے 5 ارب ٹیکس دیا ہے۔۔ ایجوکیشن پر 2ہزار ارب روپے بجٹ ہے مگر یہ بجٹ بچوں پر نہیں لگ رہاہے 2 کروڑ 62لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں۔ سکولوں سے 5سے 6 فیصد طلبہ کالجوں میں جارہے ہیں۔ سکولوں کو تباہ کرتے ہیں بعد میں کہتے ہیں کہ آوٹ سورس کررہے ہیں پنجاب میں 15 ہزار سکول آوٹ سورس کردیا گیا ہے۔ پاکستان میں تعلیم کے بعد نوجوانوں کو نوکری نہیں ملتی ہے۔ کسی یونیورسٹی میں آئی ٹی کی فی سمسٹر فیس 1 لاکھ سے کم نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ تعلیم حاصل نہیں کرسکے۔ سکول سے باہر بچوں کو کیا منشیات استعمال کرنے والے بنا وگے؟ دہشت گرد بنا وگے؟ وہ قومی مجرم ہیں جنہوں نے فارم 47 والے ہم پر مسلط کیے ہیں حق حکمرانی عوام کا حق ہے چند لوگوں کا حق نہیں ریاست کا مطلب فوجی جرنیل نہیں عدلیہ نہیں اس کا مطلب عوام ہے عوام کے مرضی کے لوگوں کو اقتدار ملنا چاہیے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو تعلیم کے مواقعے فراہم کرئے۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں کی تعلیم مفت کردی جائے تو صرف 500ارب روپے خرچ ہوں گے۔ مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ قوم کے بچوں کو پتہ نہیں کہ ان کا استحصال ہورہاہے۔ تعلیم تجارت نہیں ہے اس کی وجہ سے تعلیم کے دروازے غریب پر بند ہوگئے ہیں۔ ہمیں تعلیم کے لیے سیاسی شعور پیدا کرنا ہوگا۔آئی پی پیز کو 2ہزار ارب روپے حکومت نے دیئے ہیں بجلی پر سارے ٹیکس ختم اور ٹیرف کم ہونا چاہیے۔صحت کی سہولت عوام کو دستیاب نہیں ہے بجٹ بڑھ رہا ہے مگر عوامکو ریلیف نہیں مل رہاہے۔ نوجوانوں کو امید دلانا ہے پاکستان سے مایوس نہ ہوں اس ملک کے لیے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان چند لوگوں کا پاکستان نہیں کہ ان کی وجہ سے پاکستان سے مایوس ہوجائیں، پاکستان کو چند لوگوں سے آزاد کرانا ہے یہ ہمارا پاکستان ہے یہ کسی حکمران، فوج یا ادارے کا نہیں ہے۔جس مقصد کے لئے پاکستان بنا تھا اس مقصد کو لانا ہوگا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لوگوں کو پاکستان میں اسلام پسند ہے فیملی سسٹم پسند ہے دنیا میں فیملی سسٹم ختم ہوگیا ہے نوجوانوں کو اس کی قدر کرنی چاہیے۔ پاکستان میں اکثریت نوجوانوں کی ہے نوجوان اپنی صلاحیت پاکستان کے لیے استعمال کریں۔ پاکستان کے نظام کو آزاد کرنا ہوگا بھارت کے ساتھ جنگ سے پاکستان کو بڑا مقام ملا ہے اس مقام کو نوبل انعام کے اعلان سے ضائع نہ کریں ٹرمپ غزہ میں جنگ میں شریک ہے، ایران پر بمباری کررہاہے ایک نمبر کا جھوٹا ہے پاکستانی قوم ٹرمپ کی غلام نہیں ہے۔ حکمران انجمن غلامان امریکہ ہیں۔ جب حکومت نے اعلان کیا اپوزیشن کو بھی سانپ سونگھ گیا ہے وہ بھی خاموش ہے۔ ٹرمپ نے امن کے نام پر ووٹ لیئے ہیں امریکہ سے کبھی اچھے کی امید نہ رکھیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں یہ صلیبیوں کو پروموٹ کرنے جارہے ہیں پاکستانی قوم ان کے دھوکے میں نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے ساتھ ہر ایک کے ساتھ مذاکرات کرئے۔ اس پر نظر رکھیں کہ کوئی ہمیں دوبارہ فروخت نہ کرے امریکہ اور اس کے غلاموں سے بھی آزاد ہونا ہے۔سوشل میڈیا پر گالی کا جواب گالی میں سے نہ دیں اپنے معیار کو برقرار رکھیں۔ جماعت اسلامی ہی اپنی جماعت میں الیکشن کراسکتی ہے۔ ہم پاکستانی قوم کو تقسیم ہونے نہیں دیں گے۔ دلیل سے گفتگو کریں۔ پاکستان میں کسی جماعت کا مسئلہ غزہ نہیں ہے کشمیر نہیں ہے تعلیم نہیں ہے اس لئے یہ سب کام ہم نے کرنے ہیں۔ ہم مڈل کلاس لوگوں کے ترجمان ہیں۔