News Detail Banner

نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ملکی خزانوں پر جو لوگ سانپ بن کر بیٹھے ہیں. حافظ نعیم الرحمن

1ماہ پہلے

لاہو ر 16 نومبر 2024ء

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ملکی خزانوں پر جو لوگ سانپ بن کر بیٹھے ہیں، جدوجہد کے ذریعے انھیں معزول کریں۔ بدقسمتی سے اقتدار میں رہنے والے حکمرانوں کے مفادات عوام سے وابستہ نہیں، دو فیصد ایلیٹ طبقہ وسائل کو ہڑپ کر رہا ہے، ملک کے وسائل عوام پر ہی خرچ ہونے چاہییں، سرکاری نظام ٹھیک ہو جائے تو یہ پرائیویٹ سیکٹر بھی ہماری 14سو سالہ تاریخ سے جڑ سکتا ہے، یہ لوگ پہلے اداروں کو تباہ کرتے ہیں، پھر ان کو بیچنے کے لیے بولیاں لگاتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے 13ہزار سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، این جی اوز اپنے اپنے ایجنڈے کے تحت سکولوں کو چلائیں گے، گویا سرکار اپنی ذمہ داری دوسروں پر منتقل کر رہی ہے، یہ ملک و قوم کے لیے خطرناک ہے۔ نوجوان اس کے خلاف بھی مزاحمت کریں، اپنی تعلیم اور نسل کو بچانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام 9ویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کے میگاایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

تقریب سے صدرالخدمت فاؤنڈیشن پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن، سیکرٹری جنرل الخدمت سیدوقاص جعفری، چیئرمین والنٹئرپروگرام و مرکزی نائب صدرڈاکٹرمحمدمشتاق احمد مانگٹ، ذکر اللہ مجاہد، سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل ویمن ونگ ڈاکٹرحمیراطارق، سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹرسمیعہ راحیل قاضی، ہیڈ آف تربیہ یونیورسٹی آف لاہور ڈاکٹر عائشہ مدنی، ڈین یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر، چیئرپرسن ملین اسمائلزام محمد، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر سیدہ فلیحہ کاظمی،چیئرمین فلم اینڈبراڈکاسٹنگ پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹرلبنی ظہیرنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے۔ 9الخدمت یوتھ گیدرنگ کا سلوگن ”اپنی دنیا آ پ پیداکر“ تھا۔ یوتھ گیدرنگ کے انعقاد کا مقصدنوجوانوں کو والنٹیئرازم کی اہمیت سے روشناس کرانا اور یہ باورکرواناتھا کہ وہ بحیثیت نوجوان کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ہیروز کو نعمت اللہ خان لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈسمیت اعزاز ی شیلڈز بھی دی گئیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ فلاحی کاموں میں معمولی کرداربھی اللہ کی جانب سے بہت بڑے اجرکا مستحق ہے، اس کام میں وقت،مال اور اپنی صلاحیتیں وقف کرنے والے افراد قابل تحسین ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہرپاکستانی کے لیے یکساں تعلیم کے مواقع میسرہونے چاہیے، بدقسمتی سے 2کروڑ62لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں جو تعلیم کے حصول کے بعد ملک وقوم کا قیمتی سرمایہ بن سکتے ہیں۔ تعلیم کوکاروبارنہیں بننا چاہیے بلکہ ہرنوجوان کو یکساں تعلیمی نصاب اوراداروں کے ذریعے تعلیم ملنی چاہیے۔ ہمارے حکمران پڑوسی ملک سے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن ان کے درست اقدامات کواختیارنہیں کیا جاتا، آئی ٹی سیکٹر میں پڑوسی ملک ہم سے بہت آگے ہے لیکن ہمیں انٹرنیٹ کی بندش سمیت دیگرغلط حکومتی پالیسیوں کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے آئی ٹی سیکٹرتباہی کا شکارہے، ہم صرف حکومتی غلط اقدامات پربات نہیں کرتے بلکہ اپنے حصے کی شمع جلاتے ہوئے نوجوانوں کے لیے مسلسل ایسے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں جواس سرمائے کوقیمتی بنائے، ”بنوقابل“ پروگرام کے ذریعے پاکستان کے 10لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں کورسزکے ذریعے اس قابل بنائیں گے کہ وہ نوکری تلاش کرنے کی بجائے سینکڑوں نوجوانوں کونوکری دینے کے قابل بن جائے۔ 

امیر جماعت نے کہاکہ اہل غزہ امت مسلمہ کی جانب سے فرض کفایہ اداکررہے ہیں،جس کرب اور مصائب سے فلسطینی گزررہے ہیں ہم اس کااحساس بھی نہیں کرسکتے ان مظلوم مسلمانوں کی مددکرنا اور ان کے لئے آواز اٹھا ناہمارا فرض ہے۔