News Detail Banner

یہ نظام بوسیدہ، مکڑی کے جالے کی طرح کمزور ہے، نوجوان نکلیں گے تو سب کچھ بہا لے جائیں گے.حافظ نعیم الرحمن

3مہا پہلے

لاہو ر11ستمبر 2024ء

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ نظام بوسیدہ، مکڑی کے جالے کی طرح کمزور ہے، نوجوان نکلیں گے تو سب کچھ بہا لے جائیں گے، راولپنڈی معاہدہ پر عملدرآمد کرائیں گے، ایک ایک دن گن رہے ہیں، حکومت کا تعاقب کریں گے۔ جماعت اسلامی کے پاس ہڑتالوں، بجلی بلوں کے بائیکاٹ سمیت کئی آپشن موجود ہیں، عوام کو حق دینا ہوگا۔ ممبر شپ پورے ملک میں جاری ہے، کارکنان گلی گلی محلے محلے پہنچیں، ممبرشپ مہم کے اختتام پر عوامی کمیٹیاں بنائیں گے، بڑے ایجنڈے کے ساتھ پرامن قومی مہم کا آغاز ہوگا۔ اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والوں نے ملک تباہ، معیشت کا بیڑہ غرق کیا، یہ اقتدار کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرتے ہیں، نہ ملے تو برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں۔ جمہور کی رائے کا احترام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ممبرشپ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ورکرز کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر ضلع راولپنڈی عارف شیرازی، عمران شفیق ایڈووکیٹ، رضا احمد شاہ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں جو ظلم کیا جا رہا ہے، غریبوں سے تعلیم کا حق چھینا جا رہا ہے، سرکاری سکولوں کو بیچا جا رہا اور تعلیم کو قابل فروخت بنا دیا گیا ہے، نوبت یہ ہے کہ لوگ گھر کی چیزیں فروخت کریں اور بچوں کو پڑھائیں۔ حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر آپ نے لوگوں کو ریلیف نہیں دیا تو پورا پاکستان نکلے گا۔ ہم کوئی انار کی نہیں پھیلانا چاہتے، ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کو کوئی نقصان ہو لیکن جب آپ نے پاکستان کے 25 کروڑ لوگوں کو پیسنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے تو یہ بھی بولیں گے اور اپنے اقدامات سے بولیں گے، کوئی بجلی کا بل نہیں دے گا اور کنکشن کاٹنے کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔ عوام اپنے اندر اعتماد پیدا کرے، الحمدللہ جماعت اسلامی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک کے لیے قربانیاں دیں، ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ صرف جماعت ہی ملک کو بھنور سے نکال سکتی ہے۔راولپنڈی کے لوگو ں سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ بڑے پیمانے پر جماعت اسلامی کی ممبرشپ مہم کا حصہ بنیں۔ جب آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے تو ہم یہ چاہتے ہیں کہ پہلے مرحلے میں پورے پاکستان سے 50لاکھ لوگ ایسے ہوں جو جماعت اسلامی کے ممبر بن چکے ہوں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پورے پاکستان کے لیے بجلی ٹیرف میں کمی کی جائے، لاگت کے مطابق بجلی کی قیمت ہونی چاہیے، تنخواہ داروں پر ناجائز ٹیکس ختم کیا جائے، تاجر دوست کے نام پر حکومت نے جو تاجر اور تجارت دشمن سکیم متعارف کرائی ہے، اسے واپس لیا جائے۔ صنعتیں بند ہورہی ہیں، لاکھوں لوگ بے روزگار ہورہے ہیں، عوام کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے جو آج ہمارے سروں پر مسلط ہیں یہی طبقہ 70 سال سے مسلط ہے، جو بظاہر بہت بڑا لکھا ہے مگر یہ غریب کے بچے کی پڑھائی کے حق میں نہیں، انہوں نے ہم پر سودی معیشت اور آئی ایم ایف کو مسلط کیا ہے۔حکمرانوں کی اپنی جائیدادیں اور اولادیں باہر ہیں، یہ جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار ہیں جو خود ٹیکس نہیں دیتے، عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کرتے ہیں، یہ لوٹ مار اب نہیں چلے گی، تم کب تک طاقت کے ذریعے سے لوگوں کو دباؤ گے، کب تک ان کی آوازیں بند کرو گے، حساب تو دینا پڑے گا، سب کا احتساب ہوگا اور بے لاگ ہوگا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو امید دلانا چاہتے ہیں یہ پاکستان ہمارا ہے، ہمارے نوجوانوں کا ہے، پاکستان کو اس پورے مافیا سے جو اس وقت مسلط ہے سے جان چھڑانے کی تحریک کا حصہ بننے کے لیے نوجوانوں کو دعوت دیتاہوں۔ جماعت اسلامی کے ممبر بنیے، ہم انشاء اللہ ایک قوت بنیں گے اور ملک کو ظالم حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔