News Detail Banner

جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک وسیع ہوکر پورے ملک کے عوام کے حقوق کی تحریک بن گئی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن

3مہا پہلے

لاہو ر10ستمبر 2024ء

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک وسیع ہوکر پورے ملک کے عوام کے حقوق کی تحریک بن گئی ہے، مہنگی بجلی وگیس، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ پورے ملک کا مسئلہ ہے، صرف پنجاب میں دہ ماہ کا ریلیف نہیں بلکہ پورے ملک میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جائے، حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں، آئی پی پیز کو لگام دیں، حکومت نے معاہد ہ پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا تو 3روزہ ہڑتال، لانگ مارچ اور پھر بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کریں گے،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا۔ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات ووسائل پر قبضہ کیاہوا ہے، الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے بلدیاتی انتخابات اور میئر شپ پر قبضہ کیا گیا، عام انتخابات میں ایم کیوایم ایک پولنگ اسٹیشن نہیں جیت سکی لیکن فارم 47کے ذریعے اسے مسلط کردیا گیا، ناظم آباد کے عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے جماعت اسلامی کے نمائندے وجیہ حسن کو رکن سندھ اسمبلی بنایا لیکن ان کو بھی فارم 47کے ذریعے ہروادیا گیا، جماعت اسلامی نے عوام کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے قومی ایجنڈا تشکیل دیا ہے اور اسی کی بنیاد پر ملک بھر میں عوامی رابطہ وممبر شپ مہم شروع کی ہے، مردوخواتین، نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر بنیں،طاقت بنیں اور اس حکمران ٹولے سے نجات کی جدوجہد کا حصہ بنیں جس نے ملک اور قوم کو بیرونی قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحسن چوک ناظم آباد میں ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے ایک بڑے کیمپ پر علاقے کے عوام اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر ضلع وسطی ویوسی چیئر مین سید وجیہ حسن نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن جب ناظم آباد پہنچے تو اردو بازار پر ان کا شاندار اور پرجوش استقبال کیا گیا،حافظ نعیم الرحمن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور وہ ایک ریلی کی شکل میں الحسن چوک پہنچے، اردو بازار سے الحسن چوک تک پوری سڑک اور اطراف کی گلیوں کو بھرپور طریقے سے سجایا گیا تھا، جماعت اسلامی کے جھنڈے اور خیرمقدمی بینرز لگائے گئے تھے، بڑے پیمانے پر لائٹنگ کے باعث رات گئے تک دن کا سماں لگ رہا تھا، قریبی فلیٹوں کی گیلریوں اور کھڑکیوں میں سے بھی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کیا،،فضا حافظ حافظ، ہم بیٹے کس کے حافظ کے، ہم سب متوالے حافظ کے، میری جان جماعت اسلامی، تیز ہو تیز ہو جدوجہد تیز ہوکے نعروں سے گونجتی رہی، اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری توفیق الدین صدیقی،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

امیر جماعت نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بجلی کے بل عوام پر بم بن کر برس رہے ہیں، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف زبردست عوامی تحریک چلائی اور اہل کراچی کی حقیقی ترجمان بنی جبکہ ہر حکومت اورحکمران پارٹیاں کے الیکٹرک کی سہولت کار بنی رہیں، قومی سطح پر جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے مسئلہ کو اٹھایا اور ان کی لوٹ مار عوام کے سامنے لائی، آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے 1994سے شروع کیے گئے، جن میں پیپلز پارٹی، ن لیگ،ق لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتیں شامل رہی ہیں اور ایم کیو ایم بھی ہر حکومت کا حصہ رہی ہے، ان آئی پی پیز کے خلاف کسی پارٹی نے کبھی آواز نہیں اٹھائی کیونکہ ان کے مالکان حکومتوں میں شامل رہے ہیں، ان کو دی جانے والی رقم آج قومی دفاعی بجٹ سے بھی  زیادہ ہو کر 2ہزار ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، اب عوام یہ بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں ہیں، ان عوام دشمن معاہدوں سے جان چھڑانی ہوگی۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئی پی پیز کی طرح حکمران طبقہ وڈیروں اور جاگیر داروں پر بھی ٹیکس نہیں لگاتا اور آئی ایم ایف کے نام پر سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیتا ہے، تنخواہ دار طبقہ 368ارب روپے سالانہ ٹیکس دیتا ہے اور وڈیرے وجاگیردار 3سے 4ارب سے زائد ٹیکس نہیں دیتے، ہم کہتے ہیں عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالو، وڈیروں او ر جاگیرداروں پر ٹیکس لگاؤلیکن حکمران ٹولہ تیا رنہیں ہوتاکیونکہ وہ خود ان وڈیروں اور جاگیرداروں کے مرہون منت ہوتا ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون اور جمہوریت کی پامالی بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے، جمہور کی رائے کو دبایاجارہا ہے، فارم 45کے بجائے جعلی فارم 47کے ذریعے پورا حکومتی ڈھانچہ کھڑا کردیاگیا ہے،جس کی کوئی حیثیت نہیں، اب عوام کی رائے کو زیادہ عرصے دبایا نہیں جاسکے گا اور عوام خاموش تماشائی نہیں بنے رہیں گے، جماعت اسلامی کی قیادت میں ایک بڑی، جمہوری اورسیاسی مزاحمتی جدوجہد شروع ہوچکی ہے، اب تمام اداروں کو اپنی اپنی آئینی پوزیشن پر واپس آنا ہوگا۔

سید وجیہ حسن نے ناظم آباد آمد پر حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ عوام جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں اور عوامی جدوجہد سے حکمرانوں سے اپنا حق لے کر رہیں گے، حکمران ٹولے نے 77سالوں میں ملک کو مقروض اور عوام کو  محتاج اور محروم بنایا ہے، اب ان سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں یہ تحریک گلی گلی اور محلے محلے میں چلے گی۔