News Detail Banner

اسرائیل کے پیچھے عالمی دہشت گرد امریکہ ہے۔اسرائیل کو ہر قسم کا اسلحہ اور سپورٹ امریکہ دے رہا ہے۔ امیر العظیم

7مہا پہلے

لاہور31 مئی 2024ء

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر رفح میں اسرائیلی بمباری کے خلاف اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد ہوا۔ مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مسلمان ممالک اور خصوصی طور پر پاکستان کے حکمرانوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ خاموشی توڑیں اور اہل غزہ کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ جماعت اسلامی کے پرچم اور اہل فلسطین کے حق میں بینر اور کتبے اٹھائے مظاہرین نے فسلطینی مسلمانوں کی حمیت اور جذبہ ایمانی کو سلام پیش کیا اور صہیونی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ 

لاہور میں منصورہ کے سامنے ملتان روڑ پر مظاہر ہ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے خطاب کیا۔ منڈی بہاؤالدین میں احتجاجی ریلی سے نائب امیر لیاقت بلوچ نے خطاب کیا۔ مردان میں نائب امیر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کی۔ نائب امیر میاں محمد اسلم نے اسلام آباد میں مظاہرہ کی قیادت کی۔ 

امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پیچھے عالمی دہشت گرد امریکہ ہے۔اسرائیل کو ہر قسم کا اسلحہ اور سپورٹ امریکہ دے رہا ہے۔اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف قراردادوں کو ویٹو امریکہ کررہا ہے۔ سلام پیش کرتے ہیں فلسطینی عوام کو جو عالمی استعماری کے مقابل کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔سپر پاور صرف اللہ تعالیٰ ہے، دنیا کی سپر پاور کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب امیر لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری لاہور خالد احمد بٹ، امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔  لیاقت بلوچ نے منڈی بہاؤالدین میں خطاب کرتے ہوئے اہل فلسطین کے جذبہ حریت کو سلام پیش کیا اور پاکستانی حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ مظلوموں کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں جائیں۔ اوآئی سی اور اقوام متحدہ غزہ میں جنگ بندی کرائے۔ نائب امیر جماعت اسلامی مولانا ڈاکٹر عطاالرحمان اور ضلعی امیر غلام رسول نے مردان میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام  ہو رہا ہے، ہمارے دل دکھی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا دو ریاستی حل کا مطالبہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی عدالت اپنی فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ رفح کے مہاجر کیمپ پر رات کے اندھیرے میں سوتے ہوئے مجبور و لاچار فلسطینیوں پر بمباری کر کے زندہ جلایا جا رہا ہے۔ مسلم امہ کے حکمران اسرائیل کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں اگر مسلم امہ کے حکمران مداخلت کرتے تو 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو قتل ہونے سے بچایا جا سکتا تھا۔  مظاہرے سے نائب امیر ضلع سعید اختر ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے ملاکنڈ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لیے بند کیا تھا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ دریں اثنا محب گاؤں میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا جس سے ضلعی جنرل سیکرٹری سہیل احمد بابر راہی اور حافظ بہرام احمد نے خطاب کیا۔شیرگڑھ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مین مالاکنڈ روڈ پر بھی احتجاجی جلسہ کیا گیا جس سے سابق صوبائی وزیر فضل ربانی ایڈووکیٹ شیخ، القرآن مولانا صفی اللہ اور اختر حسین نے خطاب کیا۔ قبل ازیں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مختلف نجی سکولز میں بھی فلسطین کے حق میں پروگرامات ہوئے۔مردان میں حلقہ خواتین کی جانب سے بھی اہل فلسطین کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔  مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان رفح آپریشن روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیر خارجہ تمام پروگرامات معطل کرکے تمام دنیا کو اسرائیل کے مظالم رکوانے کیلئے قائل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلے کی تحسین کی اور مطالبہ کیا کہ عدالت اپنی فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے آئرلینڈ ناروے اور سپین  کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسرائیل کی مذمت کی اور فلسطین کو تسلیم کیا اور حکومت پاکستان سے ان کی طرح فلسطین کے جھنڈے پارلیمنٹ پر لہرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

دریں اثنا کراچی میں تین سو مقامات پراور اسلام آباد میں 92مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ غوری ٹاؤن، آئی 10ون، بحریہ ٹاؤن اسلام آباد میں مظاہرے ہوئے۔ کراچی کمپنی اسلام آباد میں نائب امیر میاں اسلم اور امیر ضلع نصراللہ رندھاوا نے خطاب کیا۔ راولپنڈی میں عارف شیرازی نے مظاہرہ کی قیادت کی۔کوئٹہ میں امیر صوبہ مولانا عبدالحق ہاشمی کی قیادت میں مظاہرہ ہوا۔گجرات میں اسلامک سنٹر گجرات تا جی ٹی روڈامیر صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، چودھری انصر محمود دھول کی قیادت میں مظاہرہ ہوا۔ کراچی جامعہ مسجد خضریٰ صدر میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے مظاہرین سے خطاب کیا۔لاڑکانہ میں امیر ضلع نادر علی کھوسہ ایڈووکیٹ،میرپور خاص، جیکب آباد میں امیر ضلع حاجی دیدار علی لاشاری،دادو میں ضلعی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد موسیٰ، کشمور میں صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ، امیر ضلع غلام مصطفی، بدین میں امیر ضلع سید علی مردان کی قیادت میں مظاہرے ہوئے۔پشاور میں قیم پشاور ہدایت اللہ خان،ایبٹ آباد میں عبدالرزاق عباسی،چترال اور حافظ آباد احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اوکاڑہ میں امیر شہر انجینئر سلطان اظہر،ساہیوال امیر ضلع طیب محمود بلوچ، ننکانہ میں امیر ضلع حافظ حبیب ضیااور جھنگ میں امیر ضلع فرید احمد مگھیانہ نے مظاہرین سے خطاب کیا۔