News Detail Banner

ہ آئی ایم ایف کے نمائندے وائسرائے بن کر احکامات صادر کررہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن

5مہا پہلے

لاہور27 مئی 2024ء

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے نمائندے وائسرائے بن کر احکامات صادر کررہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت ہاتھ باندھے اور سر جھکائے ان کی تعمیل میں مصروف ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نئے بیل آؤٹ پیکج کے لیے کئی ظالمانہ شرائط سامنے لے آیا ہے، تمام اشیاء بشمول ادویات پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانا عوام کے ساتھ ظلم ہو گا، حکمران طبقہ آخر کب تک عوام پر بوجھ ڈال کر جاگیر داروں کو بچاتا رہے گا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام نہیں اشرافیہ پر بوجھ ڈالیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل اب محفوظ انسانی زون میں فلسطینیوں کو زندہ جلا کر مار رہا ہے، رفح میں بے گھر ہونے والے شہریوں کو جان بوجھ کر شہید کیا جارہا ہے، سفاکیت اور درندگی کی ایسی مثالیں پوری انسانی تاریخ میں کم ہی ملتی ہیں، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ رفح پر میزائلوں کی بارش میں جل کر راکھ ہوگیا، اقوام متحدہ یقیناً اپنی اس توہین پر خاموش رہنا ہی پسند کرے گی، مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا اسلام آباد کی جانب سے لفظی مذمت کافی نہیں، حکمران عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں، عالم اسلام کو موبلائز کیا جائے اور اسرائیل کو دوٹوک الفاظ میں وارننگ جاری کی جائے۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کے حالیہ اجلاس میں مشاورت سے قومی ایجنڈا تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت ماس موبلائزیشن کی جائے گی، عید کے بعد قومی تحریک کا آغاز کریں گئے۔ قومی ایجنڈا میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی، معاشی استحکام کا حصول، ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی تکمیل، خواتین کے حقوق کی بحالی، نوجوانوں کے مسائل کا حل، تعلیم، صنعت اور زراعت کی بہتری شامل ہے، جماعت اسلامی آزادی صحافت و سوشل میڈیا پر پابندیوں کی بھی ِمخالفت کرے گی۔