News Detail Banner

جماعت اسلامی ایک عالمگیر تحریک ہے، ہم کشمیریوں، فلسطینیوں سمیت پوری دنیا میں مظلوم انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نعیم الرحمٰن

7مہا پہلے

لاہور20 مئی 2024ء

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کو ملک گیر پرامن عوامی مزاحمت کے لائحہ عمل کی تیاری کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی فارم 47 کی پیداوارجعلی حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی،عوام کو درپیش مہنگائی، بے روزگاری،بد امنی جیسے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے ماس موبلائزیشن کی جائے گی، کارکنوں کو بڑی تحریک کے لیے تیار کیا جائے۔

منصورہ میں ہونے والے اجلاس کا آغاز ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر رہنماؤں کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر دعائے مغفرت سے ہوا۔ امیر جماعت نے ابراہیم رئیسی کی امت کے اتحاد، پاک ایران تعلقات کی مضبوطی کے لیے کاوشوں کو سراہا  اور کہا کہ ایران نے ابراہیم رئیسی کی قیادت میں اہل غزہ اور حماس کے حق میں جاندارنہ موقف اختیار کیا جسے جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کے اجلاس میں نائب امیر و صدر کمیٹی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری کمیٹی عنایت اللہ و دیگر قائدین نے شرکت کی۔

امیر جماعت نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایجنڈا کی تکمیل کے لیے ایسا منصوبہ مرتب کیا جائے کہ جس کے نتیجہ میں برپا ہونی والی تحریک میں ملک بھر سے تمام طبقہ ہائے فکر اور خصوصی طور پر نوجوانوں اور خواتین کی شرکت ہو۔ ملک میں مسلط رہنے والے امریکہ نواز حکمران ٹولہ نے نوجوانوں کو مایوس کردیا ہے، آئی ایم ایف کی تابعداری میں ایسی معاشی پالیسیاں دی گئیں جس سے قومی معیشت کا جنازہ نکل گیا، عوام ٹیکسز کے بوجھ تلے دب کر رہ چکے ہیں، حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف، ریاستی وسائل پر مکمل قابض ہے، بجلی اور گیس کے ٹیرف میں مزید اضافہ تجویز کیا جارہا ہے جبکہ پٹرولیم لیوی اورکاربن ٹیکس جیسے عوام دشمن اقدامات کی بھی تیاری ہورہی ہے۔ ملک میں قانون وانصاف نام کی کوئی چیز نہیں، الیکشن میں عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا،جعلی اسمبلیوں سے سوشل میڈیا کا گلا گھونٹنے کے قوانین پاس ہورہے ہیں،کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، سندھ میں ڈاکو راج ہے، کراچی میں تمام پانچ ہزار پولنگ سٹیشن سے ہارنے والی جماعت کو تمام سیٹیں دے دی گئیں، پنجاب میں پولیس دندناتی پھر رہی ہے، لوگوں کے گھروں پر بے جا چھاپے مارے جارہے ہیں، اس تمام صورتحال میں جماعت اسلامی ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی، مظلوموں کی آواز بنیں گے۔

امیر جماعت نے غزہ ملین مارچ کے انعقاد پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا اور خصوصی طور پر جماعت اسلامی پشاور کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے پوری طاقت سے آواز اٹھاتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک عالمگیر تحریک ہے، ہم کشمیریوں، فلسطینیوں سمیت پوری دنیا میں مظلوم انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی اور اسرائیلی دہشت گردی سے دنیا کا امن خطرے میں ہے، امریکا، بھارت کو بھی جنوبی ایشیا خطے میں پولیس مین کا کردار دلوانا چاہتا ہے، ہم اسے ہرگز قبول نہیں کریں گے، امریکا اور اس کے ایجنٹوں کا ہر جگہ مقابلہ کیا جائے گا۔