لیاقت بلوچ سے ریلوے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کی ملاقات
7مہا پہلے
لاہور20 مئی 2024ء
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے ملاقات کی اور ان کو ریلوے مزدوروں کے مجموعی مسائل سے آگاہ کیا۔
لیاقت بلوچ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ریلوے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے پہلے بھی بھرپور آواز اٹھائی ہے اور آیندہ بھی اٹھاتی رہے گی۔
شیخ محمد انور نے لیاقت بلوچ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے،اس میں تمام ورکرز کی محنت بھی شامل ہے، لیکن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین اور ان کی بیواؤں کے واجبات، جی پی فنڈ کی ادائیگی، ٹی اے کی بندش کے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے ہیں اور اسی طرح ریلوے کے مکینکل، ٹریفک، لوکورننگ، سگلنگ، آر ٹی ایل، الیکٹریکل، انجینئرنگ، کمرشل سٹاف کو فل گزیٹیڈ ہولی ڈے نہیں دیا جا رہا اور ٹی ایل اے، کنٹریکٹ اور انولیڈ ملازمین کے بچوں کو فوری مستقل کرنے کی ضرورت ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا ریلوے قومی اور عام آدمی کے سفر کرنے کا ادارہ ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، لیکن انتظامیہ کو اس حقیقت کو مدنظر رکھنا چاہیے کہ یہ ریلوے ملازمین کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے چیئرمین ریلوے، چیف ایگزیکٹو ریلوے عامر خان بلوچ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریلوے ملازمین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں اور پینشنرز اور بیواؤں کے واجبات کی فی الفور ادائیگی اور عارضی ملازمین کو مستقل کریں۔