سعودی عرب نے گزشتہ پچاس برس میں بے پناہ ترقی کی ہے.راشد نسیم
11مہا پہلے
لاہور 04جنوری 2024ء
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے عمرہ ادائیگی سے واپسی پر منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ پچاس برس میں بے پناہ ترقی کی ہے، اس کا دارالحکومت ریاض دنیا کے بہترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔حیران کن بات یہ ہے کہ جب سعودی عرب نے بہتری کے سفر کا آغاز کیا اس وقت پاکستان بڑی تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا تھا، پی آئی اے دنیا کی بہترین ائیر لائنز میں شامل تھی، صنعت اور زراعت آگے بڑھ رہی تھی اور پاکستان جرمنی تک کو قرضہ دے رہا تھا۔یہ بھی حقیقت ہے کہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں لاکھوں پاکستانیوں کی محنت شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج جب سعودی عرب ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے، حتیٰ کہ پاکستان کے پڑوسی ممالک بنگلہ دیش، افغانستان میں بھی بہتری آ رہی ہے، یہاں نااہل قیادت نے سونے جیسے ملک کو کوئلہ میں تبدیل کر دیا، انسانوں کی صلاحیت کو زنگ آلود کر دیا گیا، باصلاحیت لوگ ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں اور ہمارا میں شمار مقروض ریاست سے بڑھ ناکام ریاست کی صورت میں ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو 8فروری کو ملک کی پچاس سالہ تاریخ کو مدنظر رکھ کر ووٹ دیں، ان کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن موجود ہے، جماعت اسلامی ہی اقتدار میں آ کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر ڈال سکتی ہے۔