جماعت اسلامی 8فروری کو ووٹ کے ذریعے محفوظ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔سراج الحق
11مہا پہلے
لاہور 26دسمبر 2023ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 8فروری کو ووٹ کے ذریعے محفوظ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔ الیکشن کمیشن امیدواروں کی طرف سے دولت کے بے دریغ استعمال کو روکے، عوام سیاسی اداکاروں کو مسترد کر کے حقیقی قیادت کو سامنے لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ این اے 6دیرپائن میں کارنر میٹنگز اور ووٹرز سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق نے کہا ایک پاکستان میں دو پاکستان نہیں چل سکتے، ملک پر گزشتہ سات دہائیوں سے مسلط سیاسی پارٹیوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی نے سالہاسال نے اقتدار کے مزے لیے، اس دوران معیشت تباہ ہوئی، ادارے کمزور ہوئے، یہ پارٹیاں آیندہ بھی اقتدار میں آئیں تو عوام کی حالت نہیں بدلے گی۔ انھوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ کفر سے تو زندہ رہ سکتا ہے، ظلم سے نہیں، 75سالوں سے عوام کا استحصال ہورہا ہے، نظام نہیں چہرے بدل رہے ہیں، ایک ہی گروہ کے لوگ پارٹیاں جھنڈے تبدیل کر کے غریبوں پر مسلط ہیں، حکمران پارٹیوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں۔ جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم کا ساتھ اس لیے نہیں دیا، ہمیں معلوم تھا کہ ان کا ایجنڈا عوام کی فلاح یا کرپشن کا خاتمہ نہیں، اپنے کیسز معاف کرانا تھا۔ گزشتہ 15برسوں میں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی سربراہی میں دسیوں پارٹیوں پر مشتمل اتحاد حکومت میں رہے، کوئی بھی معیشت ٹھیک کر سکا نہ ملک میں امن و قائم ہوا۔ ملک پر قابض ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دارٹولہ یہ حق سمجھتا ہے کہ ان کی اولادیں بھی اقتدار پر قابض رہیں گے، کیا مزدور کا بیٹا مزدور اور کسان کا کسان ہی رہے گا؟ اب اس فرسودہ نظام کو ووٹ کی طاقت سے بدلنا ہوگا، تبدیلی تب آئے گی جب عوام کے حقیقی نمائندے ایوانوں میں پہنچیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ منتخب ہو کر مالاکنڈڈویژن کے مسائل حل کریں گے، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر خیبرپختونخوا کو امن اور خوشحالی دے گی، نوجوانوں کو روزگار دیں گے، مالاکنڈڈویژن کو سی پیک میں حصہ ملے گا، علاقے کو سڑکوں کے ذریعے ملک کے دوسرے حصوں سے ملائیں گے، بہترین انفراسٹرکچر تعمیر کریں گے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو گا، وسائل کا رخ غریبوں کی طرف موڑیں گے، عُشر اور زکوٰۃ کا نظام قائم کر کے سود سے چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ 8فروری ظلم، ناانصافی، بدامنی اور مہنگائی سے نجات کا دن ہے، اس روز امریکا کے وفاداروں کو شکست ہو گی، باریاں لینے والوں سے قوم تنگ آگئی، جماعت اسلامی مزدوروں، کسانوں، عام پاکستانیوں کی مدد سے اسلامی خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد یہاں اسلامی نظام کا نفاذ ہے، اسلامی نظام ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ استحصالی نظام کے نتیجہ میں سرمایہ دار کے بنگلوں، پلازوں اور ملز میں اضافہ ہورہا ہے، غریب کی جھونپڑی میں آٹا تک نہیں، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، غریب بچہ پڑھ لکھ جائے تو اسے رشوت یا سفارش کے بغیر نوکری نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا ملک کا موجودہ نظام طاقتور کو تحفظ جب عام آدمی کے مستقبل کی کوئی ضمانت نہیں دیتا۔ ملک میں کل چالیس پچاس خاندان نسل در نسل اقتدار میں ہیں، جماعت اسلامی خاندانوں کی حکمرانی کا خاتمہ کر کے جمہور کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے، عوام جمہوریت کی مضبوطی، عدل و انصاف کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنے۔