News Detail Banner

آزادی بہت بڑی نعمت ہے۔ یوم آزادی تشکر،غوروفکر اور باہم محاسبہ کا دِن ہے۔لیاقت بلوچ

8مہا پہلے

لاہور13اگست 2023ء

     نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے چنیوٹ، جھنگ اورلاہور میں ورکرزکنونشن اور سیاسی و انتخابی ذمہ داران سے خطاب کرتے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے۔ یوم آزادی تشکر،غوروفکر اور باہم محاسبہ کا دِن ہے۔ قائد اعظم کی قیادت اور علامہ اقبال کی فِکر نے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کیا، پْرامن،عظیم الشان تحریک پاکستان منظم کی،پاکستان قائد اعظم کی قیادت کا کرشمہ ہے پاکستان کا قیام مِلت اسلامیہ کی آزادی اور نشان ثانیہ کی طرف اوّلین قدم تھا۔قیام پاکستان کو 76سال گزرگئے۔  قدرتی وسائل، انسانی وسائل اور بہترین جغرافیائی محل وقوع، ایٹمی صلاحیت  اور ذرخیز زمین کی طاقت کے باوجودپاکستان بڑے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے۔ قومی سلامتی کے لئے خطرات، بدترین اقتصادی بحران، آئینی سیاسی بحران، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی  فاشزم کی انتہا اور دہشت گردی کا بڑھتا عذاب قومی قیادت کے لئے بڑے چیلنجز ہیں۔ اخلاقی، تہذیبی، معاشرتی زوال خطرات کی گھنٹی ہے۔ پوری قوم یوم آزادی پر عزم نو اور ایمانی جذبوں کے ساتھ اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے سے سفر کا آغاز کرے۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ نگران عبوری وزیراعظم مقرر ہونا خوش آئند ہے، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکااتفاق جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ نگران وزیراعظم کا نام اچانک کہاں سے آیا اور کیسے اتفاق ہوا یہ اوپن سیکریٹ ہے۔ 8واں نگران وزیراعظم  کے تقررکا ایک ہی فارمولا ہے کہ خیال کسی اور کا سوچتا کوئی اور ہے مانتا اور بھگتتا کوئی اور ہے۔ 1970ء کے بعد سے سول ملٹری تعلقات کی کشمکش اور اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی کی خواہش پاکستان کے سیاسی عمل کے لئے ناسوربن گئی ہے۔ 2002ء،2008ء ،2013، 2018ء کے انتخابات کے بعد چار اسمبلیوں نے اپنی پانچ سالہ مدت ضرور پوری کی لیکن ملک کو سیاسی، اقتصادی اور انتظامی استحکام نصیب نہیں ہوا۔ 2023ء انتخابات کو عوامی اعتماد کی بحالی، آئینی مدت میں بروقت اور شفاف انتخابات کا ا نعقاد اورمتنازع مردم شماری کو آئین کی پامالی کا ذریعہ نہ بنایا جائے، نگران حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان تمام جماعتوں کی مشترکہ کانفرنس بلائے اور صاف شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات کے لئے اقدامات کئے جائیں۔