News Detail Banner

وقت اور حالات نے بتا دیا کہ سیکولر اور لادین حکمران پاکستان کے لیے زحمت اور ملک کی بربادی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔راشد نسیم

1سال پہلے

لاہور09 اگست 2023ئ

نائب امیر جماعت سلامی راشد نسیم نے مرکزی تربیت منصورہ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت اور حالات نے بتا دیا کہ سیکولر اور لادین حکمران پاکستان کے لیے زحمت اور ملک کی بربادی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ پچھلے 50سال گواہ ہیں کہ جمہوری یا فوجی حکومتیں ہوں سب کے چہرے ،طریقے اور بودوباش ایک ہی طرح کے ہیں، یہی وہ لوگ ہیں جو ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ ملک کے کلچر کو بدلنے کی ضرورت ہے اس کے لیے ہمیں اپنے پڑوسی اسلامی ملک افغانستان سے سبق لینا ہو گا۔ افغانستان کے تجربے کو پاکستان میں لانے کی ضرورت ہے۔ سادگی، سچ، انصاف کو اپنانا ہو گا اور وی آئی پی اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو جتنا بڑا ہے اتنے ہی فائدے سمیٹ رہا ہے،کمزور طبقہ سراسر گھاٹے میں، دو فیصد اشرافیہ وسائل پر قابض ہے۔ عدلیہ، ملٹری، سویلین بیوروکریسی کے لیے اربوں کی مراعات ہیں، غریب دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو اب اسلامی کلچر کی ضرورت ہے، خلافت راشدہ کا احیا اور سیرت نبوی کا اتباع کرنا ہو گا، اس کے علاوہ ملک کی ترقی کا کوئی راستہ نہیں۔ جماعت اسلامی اس مقصد کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ تربیت گاہ میں اٹک، تلہ گنگ اور بھکر کے امرائے اضلاع اور شرکا موجود تھے۔