تینوں نام نہاد بڑی حکمران جماعتوں میں کوئی فرق نہیں، انھوں نے مل کر کشمیر کا سودا کیا، یہ سب ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا امریکا سے مطالبہ تک نہیں کر سکے۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور09 اگست 2023ئ
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت نے کم ترین مدت میں بدترین گورننس کا ریکارڈ توڑ دیا، وزیراعظم اور کابینہ عوام کو تکلیفیںدینے پر معافی مانگیں، حکمرانوں نے 16ماہ میں قرضے لینے اور اپنے کیسز معاف کرانے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کیا، بڑی حکمران جماعتوں کے درمیان امریکی وفاداری اختیار کرنے کا مقابلہ ہے،یہ آئی ایم ایف کو یقین دلاتے ہیں کہ انھیں موقع دیا جائے یہ زیادہ تابعداری کریں گے، حکمران ائیرپورٹس، سٹیل ملز، موٹرویز کے سودے کر رہے ہیں، ان کا بس چلے تو پورا ملک بیچ دیں، بس اقتدار چاہیے۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی عوام سے خوف زدہ ہیں، انھوں نے غریبوں کو بجلی کے جھٹکے دیے، ان پر پٹرول بم گرائے، بدامنی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ چند خاندانوں نے ملک تباہ کر دیا، انھوں نے 75برسوں سے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اب یہ اپنے بچوں کے لیے آیندہ 30برس تک بہتر سیاسی ماحول کے طلب گار ہیں۔ کیا 24کروڑ عوام انہی جاگیرداروں اور وڈیروں کے غلام رہیں گے؟ کیا غریب پڑھا لکھا نوجوان اسمبلیوں میں نہیں جا سکتا؟ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کرے، حضور پاک کی سب سے افضل سنت بھی یہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک کی عدالتوں میں انصاف نہیں، حکمرانوں نے عوام کو تعصبات پر تقسیم کر رکھا ہے، ان کی وجہ سے مساجد کو مساجداور مدارس کو مدارس سے لڑایا جاتا ہے، بدامنی عام ہے، لوگ غیر محفو ظ ہیں، روزانہ لاشیں گرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صرف پاکستانی قوم ہی نہیں پوری امت مظلوم ہے، کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ظلم ہو رہا ہے، مسلمان اقلیتوں کی جان و مال محفوظ نہیں، خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے، لوگ چیلنج کر کے قرآن کریم کی بے حرمتی کرتے ہیں، لیکن امت کچھ نہیں کر سکتی۔ اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنائیں جو دنیا میں نہ صرف پونے دو ارب مسلمانوں بلکہ تمام مظلوم انسانیت کی آواز بنے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ایسے لوگ مسلط رہے ہیں جنھوں نے ملک کا خزانہ لوٹا، اپنی شوگر ملیں اور جائدادیں بنائیں، اولاد کے لیے جمع پونجی اکٹھی کی اور قوم کے بچوں کے مستقبل کو تاریک کیا، اب ان سے جان چھڑانا ہو گی جس کا واحد راستہ پرامن جمہوری جدوجہد ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ تینوں نام نہاد بڑی حکمران جماعتوں میں کوئی فرق نہیں، انھوں نے مل کر کشمیر کا سودا کیا، یہ سب ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا امریکا سے مطالبہ تک نہیں کر سکے۔ انھوں نے کہا کہ گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے سے قبل جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا تھا کہ اس کے بدلے کم از کم مقبوضہ کشمیر کی قیادت کی رہائی ممکن بنائی جائے، لیکن پاکستانی حکمرانوں میں یہ جرا ¿ت نہیں تھی، یہ بزدل ہیں انھوں نے پاکستانی قوم کا بھی پوری دنیا میں مذاق اڑایا، یہ گرین پاسپورٹ کی تذلیل کا باعث ہیں، ان کی وجہ سے اوورسیز پاکستانی شرمندہ ہیں، انھوں نے ایٹمی اسلامی پاکستان کا تماشا بنایا، قوم کے ہاتھوںمیں آئی ایم ایف کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنائیں، ملک کا بچہ بچہ مقروض کیا، سودی معیشت کو جاری رکھا، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کی امیدوں کا مرکز ہے اور یہ جماعت ہی ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔