News Detail Banner

عالم اسلام اور چین کا اشتراک ایک نئے عالمی نظام کی بنیاد بن سکتا ہے۔ آصف لقمان قاضی

9مہا پہلے

لاہور18 جولائی 2023ئ

ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ عالم اسلام اور چین کا اشتراک ایک نئے عالمی نظام کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ایک ارب 80کروڑ مسلمان اور ایک ارب 45کروڑ چینی مل کر بین الاقوامی امور کو عدل پراستوارکر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے مرکزی عہدیداران کے ساتھ پاکستانی علما کے ایک وفد کی ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی سربراہی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا صوبہ سنکیانگ کے سربراہ ما شنگروءکررہے تھے جو مرکزی پولٹ بیورو کے رکن بھی ہیں۔ اس موقع پر صوبہ سنکیانگ کے گورنر ارکین تونییاز اور دیگر اہم حکومتی عہدیدار بھی موجود تھے۔ وفد چینی حکومت کی دعوت پر چین کا دورہ کررہا ہے۔ وفد کی قیادت اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر قبلہ ایاز کر رہے تھے۔

آصف لقمان قاضی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔ موجودہ عالمی حالات میں بین الاقوامی فورمز پر چین اور پاکستان ہر سطح پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ چین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر ہماری حمایت کی ہے، ہم چین کی علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں۔ سی پیک منصوبے کو مزید وسعت اور سپیشل اکنامک زونز میں صنعتوں کا قیام ہماری ترجیح اوّل ہونی چاہیے۔

اس دورے کے دوران وفد کو چین میں مساجد کا دورہ کرایا گیا اور صوبہ سنکیانگ میں امام عبدالرقیب الحسینی کی سربراہی میں قائم تعلیمی ادارے سنکیانگ اسلامک انسٹی ٹیوٹ اور کاشغر میں جامع مسجد عیدگاہ کا دورہ بھی کرایا گیا۔ وفد میں مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن بھی شامل ہیں۔