News Detail Banner

اتحادیوں کی 15ماہ کی پرفارمنس ریکارڈ قرضے اور تاریخی مہنگائی ہے۔سراج الحق

9مہا پہلے

لاہور18 جولائی 2023ئ

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اتحادیوں کی 15ماہ کی پرفارمنس ریکارڈ قرضے اور تاریخی مہنگائی ہے۔ 13پارٹیوں کی حکومت جن وعدوں پر قائم ہوئی ایک بھی پورا نہیں کیا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالیں ، آج چینی 160، آٹا 200 روپے کلو ہے۔ حکومتی سرپرستی میں مافیا اربوں کما رہاہے، غریب فاقوں مر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے حکم پرقوم کا خون چوسنے کی پالیسی پورے زور و شور سے جاری، بجلی کی قیمت میں اضافہ کر کے حالات کے مارے عوام سے مزید 500ارب لوٹے جائیں گے، حکمرانوں کی مراعات اور پروٹوکول کلچر میں کوئی کمی نہیں آئی۔ وزیرخزانہ وعدوں اور دعوﺅں کے باوجودڈالرنیچے لائے نہ سود ی نظام ختم کیا۔ ملک میں کرپشن عام اور احتساب کا نام و نشان ختم ہوچکا۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی ناکامی پر مہر ثبت ہوچکی، سب نے مل کر قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔ ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو نااہل اور سالہا سال سے آزمودہ پارٹیوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ اسلامی نظام ہی مسائل کا حل ہے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو قوم کو قرآن و سنت کا نظام دے سکتی ہے۔ امن ، ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام جماعت اسلامی سے تعاون کرے۔

پشاور میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دہائیوں سے قوم پر مسلط حکمرانوں نے مال اکٹھا کیا، آف شورز بنا کر بیرون ملک جائدادیں اور محلات خریدے، اپنے شہزادوں اور شہزادیوں کا مستقبل محفوظ اور قوم کے بچوں کا تباہ کیا، آج تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکولوں سے باہر ہیں، 80فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں، غریب اپنا اور بوڑھے والدین کا علاج نہیں کر اسکتا، صحت کا شعبہ تباہ کر دیا گیا، ہسپتالوں میں کسی کو سر درد کی گولی بھی مفت نہیں ملتی۔ استعمار کے وفاداروں نے اسلامی فلاحی پاکستان کا تصور خاک میں ملا دیا، بزرگوں کی قربانیوں کا مذاق اڑایا اور اسلامیان برصغیر کی خواہشات کو دفن کیا۔ قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرے، انگریزکے غلام مزید سو سال بھی مسلط رہے تو بہتری کی کوئی امید نہیں۔ آئندہ نسلوں کو غلامی سے بچانے کے لیے ایماندار اور اہل لوگوں کو آگے لانا ہو گا۔ نوجوانوں سے قوم کی امیدیں وابستہ ہیں، یوتھ اسلامی نظام کے لیے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرے۔

سراج الحق نے کہا حکومت 12اگست تک اپنی مدت کے اختتام سے قبل سود کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرے، انفرادی، صنعتی اور زرعی قرضوں پر سود ختم کیا جائے،جماعت اسلامی اس ایشو پر حکومت کا ساتھ دے گی۔ سودی نظام اللہ اور اس کے رسول سے جنگ ہے، جوبھی یہ جنگ جاری رکھے گا، جماعت اسلامی اس سے جنگ کرے گی، اسلامی ملک کے حکمرانوں کو زیب نہیں دیتا کہ وہ قرآن وسنت کے احکامات کو تسلیم نہ کریں۔ حکمران استعماری ایجنڈے پر گامزن رہ کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں، سود اور کرپشن کے ہوتے ہوئے معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔ 14ہزار ارب کے بجٹ میں سے 7303ارب سودی قرضوں کی ادائیگی میں چلا جائے گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر انصاف اور احتساب کا کڑا نظام متعارف کرائے گی، ملک کے وسائل عوام پر خرچ کیے جائیں گے، گورننس میں بہتری اور بیرونی قرضوں کی بجائے خود انحصاری کو اپنایا جائے گا، جماعت اسلامی اپنے انتخابی منشور پر مکمل عمل درآمد کرائے گی۔