پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت نے عدم اعتماد کی تحریک کے بعد برسراقتدار رہنے کی مدت مکمل کرلی ہے۔لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور17 جولائی 2023ئ
نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے حیدرآباد، کراچی اور لاہور میں سیاسی، انتخابی اور قومی امور پر مشاورتی اجلاسات، میڈیا نمائندگان اور منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات میں بڑھتی کشیدگی اور بداعتمادی خطرناک اور باعث تشویش ہے۔ سعودی عرب، ایران، افغانستان اور چین کے ساتھ بیک وقت بہترین تعلقات اور سفارتکاری ہی پالیسی سازوں، حکمرانوں اور سٹیک ہولڈرز کا بڑا امتحان ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں افغان اور کشمیر امور کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ حکومت کی خارجہ پالیسی اور ترجیحات کی کوئی ایک سمت نہیں رہی، وزیرخارجہ نے اپنا سارا وقت سیاسی تربیت، شخصی اظہار اور مسلسل بیرونی دوروں پر ہی خرچ کردیا۔ افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فورسز کی شکست کے بعد پاکستانی حکمران افغان عوام اور طالبان کی فتح کو تسلیم کرلیتے تو آج حالات تلخ نہ ہوتے۔ عمران خان بحیثیت وزیراعظم دلیری سے یہ اقدام نہ کرسکے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت نے عدم اعتماد کی تحریک کے بعد برسراقتدار رہنے کی مدت مکمل کرلی ہے۔ اتحادی حکومت کے خواہشات حکمرانی اور عمران خان کے اسلوب اور طرز کلام کا مزہ چکھانے کے لیے اتحادی حکومت نے معاشی تباہی مسلط کرکے عوام کا کچومر نکال دیا۔ آئین کے مطابق تمام اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے یا قبل از وقت اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 60 دن اور 90 دن کی مدت طے شدہ ہے۔ آنے والی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اولین ذمہ داری آئین کے فریم ورک میں انتخابات کا لازمی انعقاد ہے۔ جمہوری قوتیں انتخابات کے التوا، فرار اور ناجائز ذرائع کا استعمال کریں تو یہ عمل قومی سیاست کی تباہی کا باعث بنتا چلا جارہا ہے۔ نگراں حکومت کے آنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان اولیں فرصت میں تمام جماعتوں کی کانفرنس بلاکر انتخابی اصلاحات اور ضابطہ اخلاق کا اتفاق رائے سے فیصلہ کرلیں، مردم شماری کے معاملہ کا انتخابات کے التوا کے لیے استعمال ملک و ملت سے بڑا فراڈ ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا، پی پی پی نے حکومتی طاقت سے عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا، عام انتخابات میں کراچی کے بیدار عوام اپنے مینڈیٹ پر ڈاکہ زنی کا بدلہ ترازو نشان کو جتواکر لیں گے۔