News Detail Banner

کراچی کے عوام نے اپنے ووٹ کے ساتھ اپنے مسائل کے حل کا مینڈیٹ جماعتِ اسلامی کو دیا ہے۔ لیاقت بلوچ

10مہا پہلے

لاہور 03 جون 2023ئ

نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی انتخابی قومی امور لیاقت بلوچ نے مرکز تحریکِ محنت جامع مسجد میں خطابِ جمعہ، جماعت اسلامی کے سینئر رہنما ضلع اٹک حاجی مجدد مرحوم کی تعزیت اور حضرو میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1970ءکے بعد فوجی آمریتوں، بھٹو خاندان، شریف خاندان، عمران خان تین کلب کی سرپرستی کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ نے اقتدار دینے اور لینے کے تجربات کیے جو بری طرح ناکام ہوگئے۔ اِسی وجہ سے ملک میں سیاسی، آئینی، پارلیمانی اور اقتصادی بحران خوفناک شکل اختیار کرگیا ہے۔ 2023ءانتخابات کے لیے 09 مئی کے سانحات کے بعد ریاستی طاقت کے ساتھ نئی سیاسی انجینئرنگ ماضی کے مقابلہ میں اور زیادہ خطرناک اور باعثِ تباہی ہوگی۔ استحکامِ پاکستان اور خوشحال عوام کے لیے ناگزیر ہے کہ 25 کروڑ عوام پر اعتماد کیا جائے اور انتخابات پر مسلط بے اعتمادی ختم کی جائے۔ نام نہاد، نااہل، ناکارہ الیکٹیبلز سیاست کا ناسور ہیں، اِن پر انحصار کی بجائے صاف شفاف انتخابات، آئین کے آرٹیکل 62، 63 کے معیار پر اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کے لیے ممبر منتخب ہوں۔ سیاسی جماعتیں اِس معیار کے مطابق پارٹی ٹکٹ دیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے، امریکہ اور ا ±س کی حامی نیٹو فورسز نے ایک عورت پر ظلم کے پہاڑ توڑے۔ امریکہ افغانستان میں اپنی غلطی کی سزا بھگت چکا اور گوانتانامو بے سے بھی بے گناہ قیدی رہا ہوگئے لیکن امریکہ ایک خاتون کو 20 سال سے جیل میں رکھ کر مطمئن نہیں ہورہا۔ اپنی ذلت اور شکست کا بدلہ ایک خاتون سے کیوں لے رہا ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومتِ پاکستان مجرمانہ غفلت ترک کرے۔ سینیٹر مشتاق احمد اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات سے ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی کے عوام نے اپنے ووٹ کے ساتھ اپنے مسائل کے حل کا مینڈیٹ جماعتِ اسلامی کو دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی میئرشپ کے لیے جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن کی حمایت سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل میں فیصلہ کن اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے غیر جمہوری حربے، خواہشات کی تکمیل کے لیے حکومتی طاقت کا اندھا استعمال بلدیاتی نظام کے سیاسی اور پارٹی بنیاد کے مقاصد پامال کردے گا۔ وزیر خارجہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میئرشپ پر جیالا لانے کی خواہش "کھیلنے کو مانگے چاند" کے مترادف ہے۔ کراچی کے گھمبیر مسائل، عوامی مینڈیٹ اور کراچی کے عوام کی خواہش ہے کہ میئرشپ جماعتِ اسلامی کو ملے اور جماعتِ اسلامی، پی پی پی، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کریں۔ عوامی خواہشات کا احترام ہی جمہوریت کا ح ±سن ہے۔