News Detail Banner

اجلاس نے قومی سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ بدترین قومی سیاسی بحران کا علاج سیاسی مذاکرات اور سیاسی حل ہے۔ لیاقت بلوچ

9مہا پہلے

لاہور یکم جون 2023ئ

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی، اخلاقی، تہذیبی، معاشرتی اور اقتصادی بحران کے سدباب کے لیے دینی قیادت اور جماعتوں کو پاور پالیٹکس سے بالاتر ہوکر دینی اور قومی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اقتدار اور کرسی کے حصول کے چکر میں تمام انسانی، اخلاقی اور جمہوری قدریں پامال کی جارہی ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں لائحہ عمل بنائیں گی۔ پنجاب جنوبی، شمالی، وسطی؛ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت-بلتستان میں ملی یکجہتی کونسل کی تنظیم اپنی فعالیت کے ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سیاسی محاذ پر مفاہمت کے لیے کردار ادا کریں۔ ملی یکجہتی کونسل قومی اتحاد اور اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے جوہری کردار ادا کرے گی۔ مرکزی مشاورتی اجلاس میں مولانا عبدالغفار روپڑی، مفتی معرفت شاہ، مفتی گلزار نعیمی، علامہ عارف حسین واحدی، سید ناصر شیرازی، پیر صفدر گیلانی، علامہ شبیر، سید علی عباس، لطیف الرحمن شاہ، اسد عباس اور دیگر رہنما ¶ں نے شرکت کی۔

لیاقت بلوچ کی صدارت میں مرکزی مشاورتی اجلاس نے متفقہ منظوری دیتے ہوئے کہا کہ 09 مئی کے سانحات لرزہ خیز اور قومی وقار کے منافی ہیں۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے وقار، اتحاد اور قومی کردار کے لیے پشت بان ہے۔ ہر سیاسی، جمہوری جماعت کے لیے احتجاج سیاسی اور آئینی حق ہے لیکن احتجاج کو پُرامن رکھنا بھی اُسی کی ذمہ داری ہے۔ 09 مئی کے واقعات کے سنگین جرائم میں ملوث ماسٹر مائنڈ اور آلہ کاروں کو سزا دی جائے۔ اِسی طرح بے گناہ افراد خصوصاً خواتین کے ساتھ رعایت کا سلوک اختیار کیا جائے۔ بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت کی جائے۔ قانون کا اندھا نفاذ حقیقی مجرموں کی سہولت کاری ہوگی۔ اجلاس نے قومی سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ بدترین قومی سیاسی بحران کا علاج سیاسی مذاکرات اور سیاسی حل ہے۔ آئین کے تحفظ، آئینی مدت میں بروقت انتخابات پر سب متفق ہوجائیں۔ عدلیہ اور پارلیمنٹ کی محاذ آرائی جاری رہی تو دونوں خسارے میں ہونگے۔ عدلیہ اپنی ساکھ اور اندرونی اتحاد کی بحالی کے لیے ازخود فوری اقدامات کرے۔