پاکستانی ریاست 75 سال سے مسلسل غلطیوں اور غلط سیاسی انتظامی اقدامات کی وجہ سے ہمہ گیر مسائل میں اْلجھی ہوئی ہے۔لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور22 مئی 2023ء
نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں نوجوانوں کے "بنو قابل" افتتاحی تقریب، اسلامی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اساتذہ وفد سے منصورہ میں ملاقات اور سیاسی انتخابی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ریاست 75 سال سے مسلسل غلطیوں اور غلط سیاسی انتظامی اقدامات کی وجہ سے ہمہ گیر مسائل میں اْلجھی ہوئی ہے۔ اقتصادی بحران بدترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ زہریلی پولرائزیشن نے عوام کو تقسیم کردیا ہے۔ اِسی وجہ سے بے یقینی کے سائے گہرے ہیں۔ حصولِ اقتدار کی ہوس پرست، لاپروا، مفادپرست جدوجہد نے جمہوری عمل کو انتہائی کمزور کردیا ہے، جس سے ملک جمہوری پٹڑی سے اْتررہا ہے اور آئینی پٹڑی سے بھی اْترنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ 9 مئی کے واقعات نے سیاست کو کمزور اور اسٹیبلشمنٹ کو پہلے سے زیادہ طاقت ور بنادیا ہے۔ اتحادی حکومت کی ہوسِ اقتدار اور پی ٹی آئی کی بے ہنگم جذبات شدت پسند سیاست اِس کی ذمہ دار ہے۔ سیاسی مسائل کے سیاسی حل کی بجائے لاحاصل، بے مقصد محاذآرائی کو ترجیح دے کر سیاسی تقسیم اور پولرائزیشن کی دھڑے بازی کو مستحکم کیا جارہا ہے۔
لیاقت بلوچ نے انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے سوڈان، یمن، مصر، ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، ایران، شام کے سفارتی تعلقات کی بحالی اور یمن میں جنگ بندی کا عندیہ عالمِ اسلام کے لیے خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے۔ دْنیا میں نئی صف بندی ہورہی ہے۔ امریکہ، یورپ کی عالمی سیاست پر گرفت ٹوٹ رہی ہے۔ چین اقتصادی طاقت کی بنیاد پر بہت اہم فیکٹر بن گیا ہے، اِس مرحلہ پر عالمِ اسلام کا اتحاد عالمی سیاست میں بہت مثبت اور اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ تعلیم، تحقیق، سائنس، ٹیکنالوجی، اقتصادی اور دفاعی محاذ پر مسلمانوں کی پیشرفت ہی تعاون کی ضمانت ہے۔ دْنیا بھر کی اسلامی تحریکیں اصول، قانون، سیاسی جمہوری اقدار اور قرآن و سنت کی روشنی میں انسانی فلاح، بنیادی حقوق کے تحفظ اور فلاحی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سرینگر مقبوضہ کشمیر میں جی-20 ممالک کا اجلاس عملاً ناکام ہوگیا ہے۔ چین سمیت دیگر رکن ممالک نے شرکت سے انکار کردیا ہے۔ عالمی ردعمل سے بھارتی فاشزم، جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضہ اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم آشکار ہوگئے ہیں۔ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے چپہ چپہ پر آج کشمیری عوام بھارتی جارحیت، ظلم اور فاشزم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ خطے میں امن کی کنجی اقوامِ متحدہ کے ایجندے پر طویل عرصہ سے زیرالتواء تنازعہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حقِ خودارادیت کے ذریعے حل ہے۔