News Detail Banner

ملک کا پورا ماحول زہر آلود ہو چکا ہے۔ سیاستدان ایک دوسرے کو تباہ کرنے کے راستے پر گامزن ہونے کی بجائے بہتری کی تدبیر اپنائیں۔سراج الحق

10مہا پہلے

لاہور22 مئی 2023ء  

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ملک کا پورا ماحول زہر آلود ہو چکا ہے۔ سیاستدان ایک دوسرے کو تباہ کرنے کے راستے پر گامزن ہونے کی بجائے بہتری کی تدبیر اپنائیں۔ سیاسی جماعتیں مذاکرات کے لیے راضی نہ ہوئیں تو مایوسی کی تاریک رات طویل ہوجائے گی۔ سیاسی افراتفری سے معاشی بحران سنگین تر ہوگیا ہے۔ لڑائی جاری رہی تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ملک میں جاری جنگ سے سارا نقصان غریب کا ہورہا ہے، جن کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا بھی ناممکن ہوگیا، اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ 75برسوں سے ملک پر ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا قبضہ ہے، استحصالی اور طبقاتی نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کیں۔باریوں اور منافقت کی سیاست کا خاتمہ بالخیر ہونے والا ہے۔ آنے والا کل اسلامی نظام کا ہے۔عوام ووٹ کی طاقت سے ظالموں کا احتساب کریں۔

منصورہ میں اپنے استقبال کے لیے آنے والی خواتین کی بڑی تعداد سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ کارکن نئے عزم و ولولے کے ساتھ جماعت اسلامی کا جدید اسلامی فلاحی پاکستان کا پیغام عوام میں پھیلائیں۔ گھر گھر دستک مہم کے ذریعے لوگوں کو بتایا جائے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی یا پی ٹی آئی ان کے مسائل کاحل نہیں، عوام نے جرنیلوں کی حکومتوں کو بھی دیکھ لیا، نام نہاد جمہوری ادوار بھی آزما لیے، اب جماعت اسلامی روشنی و امید کی واحد کرن ہے۔ خواتین اسلامی تحریک کا اہم دستہ ہیں، دین کی اشاعت کے لیے محنت جاری رکھیں۔ یقین ہے کہ ملک سے مایوسی کے سائے چھٹ جائیں گے، پاکستان ترقی کرے گا۔ جماعت اسلامی اسلام آباد کو عالم اسلام کا مرکز بنائے گی۔

قبل ازیں وہ کراچی سے لاہور پہنچے تو جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنان نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔امیر جماعت اسلامی سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دیگر قائدین نے ملاقات کی۔  

منصورہ میں علما مشائخ رابطہ کونسل کا وفدبھی ان سے ملنے کے لیے آیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جن سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے اپیل کی کہ علما و مشائخ دین کی سربلندی، اسلامی نظام کے نفاذ اور اتحادو یگانگت کے قیام میں بھرپور کردار ادا کریں اور منبر و محراب کو اس نیک مقصد کے لیے استعمال کریں۔ امیر جماعت سے مختلف وفود، ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، طلبا اور دیگر نمایاں شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔

سراج الحق نے کہا ژوب دہشت گرد ی واقعہ کے بعد انہیں پوری دنیا سے فون آئے، سفیروں نے رابطے کیے، قومی قائدین نے پیغامات بھیجے، عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنماؤں نے خیریت دریافت کی۔ خبرگیر ی اور نیک تمناؤں پر سب کا شکریہ اداکرتا ہوں۔ اللہ تعالی کے کرم اور عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ خود اور قافلہ محفوظ رہا، خود کش جیکٹ پوری طرح نہ پھٹ سکی، اللہ چاہے تو آگ کو گلستان بنا دے۔

امیر جماعت نے کہا کہ مفادات کی سیاست سے معیشت تباہ ہوئی، کروڑوں عوام ایک طرف مہنگائی، بے روزگاری دوسری جانب بدامنی کی آگ میں جل رہے ہیں۔ کارخانے بند، ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر، لاکھوں نوجوان بے روزگار، قابل لوگ ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ ہر طرف ڈپریشن ہے،لوگ مایوس اور ناامید نظر آتے ہیں، کسی چہرے پر مسکراہٹ نہیں، حکمران جماعتوں نے عوام کاسکون چھین لیا،مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔