وفاقی شرعی عدالت کے حرمت سود کے تاریخی فیصلہ پر ایک سال گزر چکا ہے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ
1سال پہلے
لاہور21مئی 2023ء
نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے حرمت سود کے تاریخی فیصلہ پر ایک سال گزر چکا ہے لیکن حکومت اور اسٹیٹ بینک نے سود کے خاتمے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایابلکہ شرح سود میں مسلسل اضافے اور نئے سودی بینکوں اور سودی اسکیموں کی منظوری دے کروفاقی شرعی عدالت اور آئین پاکستان کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں، علماء اکیڈمی میں مولانا زاہد الراشدی کی زیر صدارت ملی مجلس شرعی کے اجلاس سے خطاب کیا۔اجلاس میں ڈاکٹر محمد امین،ڈاکٹر حافظ ساجد انور،حافظ عاطف وحید،مالانا عبد الغفار روپڑی،مولانا عبد الرؤف فاروقی،سردار محمد خان لغاری،ڈاکٹر علی اکبر الازہری،ڈاکٹر حافظ حسن مدنی،محمد انور گوندل،حافظ غضنفر عزیز،قاری محمد قاسم بلوچ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سودی معیشت کے خاتمے کے لیے خطبات جمعہ اور پریس کلبوں کے باہر احتجاجی مظاہروں کو تیز کیا جائے گا،اسی طرح حکومت اور اسٹیٹ بینک کے خلاف توہین عدالت کے سلسلہ میں عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔اسی طرح فحا شی اور مغربی تہذیب کی اقدار کے فروغ پر مبنی سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ کے فیصلہ پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق صاحب کی طرف سے کی جانے والی نظر ثانی کی اپیل کی مکمل اور بھر پور تائید کی جائے گی۔
اجلاس نے ٹرانس جینڈر ایکٹ کی غیر اسلامی شقوں کیخلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عدالت کے چیف جسٹس و اراکین اور سینیٹرز مشتاق احمد خان کو خراج تحسین پیش کیا۔