ملک میں مزدور کی نمائندگی سرمایہ دار، کسان کی جاگیردار اور مظلوم کی ظالم کرتا ہے۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہوریکم مئی2023 ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مزدور کی نمائندگی سرمایہ دار، کسان کی جاگیردار اور مظلوم کی ظالم کرتا ہے۔ مزدور اور کسان کی برکت سے ملک چل رہا ہے،وی آئی پی لوٹتا ہے۔ محنت کسی اور کی، پھل کوئی اور کھاتا ہے، مزدور کے بچے بھوکے سوتے ہیں، حکمران آف شور کمپنیاں بنا رہے ہیں۔انگریزوں کے غلام اب تک قوم کی گردنوں پر مسلط ہیں، استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔
نیشنل لیبر فیڈریشن (این ایل ایف) کے زیراہتمام مال روڑ پر یکم مئی کے حوالے سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا ملک دلدل میں، حکمران سیاسی جماعتوں اور اداروں نے اسے بند گلی میں دھکیل دیا، پورا نظام جام ہوچکا، بے یقینی میں ہر آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ آئینی، سیاسی، معاشی بحرانوں نے ہیجانی کیفیت برپا کردی ہے جس کا سارا نزلہ غریب عوام پر گر رہا ہے۔ بہتری کا واحد راستہ قومی انتخابات ہیں، عوام ہی ملک کے اصل وارث اور انہی سے فیصلہ لینا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کے لیے روڑ میپ دیا ہے، الیکشن سٹیک ہولڈر کی حیثیت سے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات پر راضی کرنے کی کوششیں کی، امید رکھتا ہوں کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ذاتی لڑائیوں کو سائیڈ پر رکھ کر ملک و قوم کے مفاد میں قومی الیکشن پر راضی ہوجائیں گی۔ریلی میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر این ایل ایف شمس الرحمن سواتی،صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، صدر ریلوے پریم یونین شیخ انور اور دیگر قیادت بھی موجود تھی۔
امیر جماعت کی اپیل پر گوادر کے حقوق، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی رہائی اور مزدوروں کے مطالبات کے حق میں گوادر سمیت ملک کے بڑے چھوٹے شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ لاہور میں نکالی جانی والی ریلی میں مزدور یونینز اور دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے یوم مزدور کو گوادر کے مچھیروں، مقامی رہائشیوں اور ہدایت الرحمن بلوچ کے نام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر کے لوگوں کے لیے حقوق مانگنے پر ہدایت الرحمن چار ماہ سے جھوٹے مقدمات میں جیل میں ہیں، انہیں رہا کیا جائے، سپریم کورٹ میں ان کی رہائی کے لیے بھی اپیل دائر کی ہے، امید ہے انصاف ملے گا، بلوچستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں جماعت اسلامی سمیت پورا پاکستان ان کے ساتھ ہے۔
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں مزدوروں، چھوٹے سرکاری ملازمین اور لیبر کلاس کے مطالبات پورے کیے جائیں۔ انہوں نے خانہ شماری میں کراچی سمیت دیگر علاقوں کے عوام کے تحفظات کو دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا ملک میں آٹھ کروڑ مزدور وں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی منظم عدالتی نظام نہیں۔ مزدور مرجاتا ہے، بچوں اور بیوہ کی کفالت کا کوئی میکنزم موجودنہیں، سیاسی لیڈران اور حکومتیں طویل عرصہ سے مزدوروں اور کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں، حکومتیں آتی اور چلی جاتی ہیں، مزدور کی حالت نہیں بدلتی۔ جماعت اسلامی ہی استحصال اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کرسکتی ہے، مزدوروں، کسانوں اور مظلوم طبقات کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں اللہ نے اقتدار دیا تو کارخانوں کے منافع میں مزدوروں کو شریک کیا جائے گا، جاگیردار کی کمائی میں ہاری، کسان اور مزدور کو حق ملے گا۔ مزدوروں، چھوٹے کسانوں، ہاریوں، نوجوانوں کو سرکاری زمینیں دی جائیں گے، بچوں کی بہترین تعلیم کا انتظام کیا جائے گی، سب کو انصاف، چھت اور علاج کی سہولت ملے گی، غریبوں، بزرگوں کو کفالت الاؤنس دیا جائے گا۔ ا
امیر جماعت نے کہا کہ ملک پر مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو اندازہ تک نہیں کہ بھوک کیا ہوتی ہے، لوگ آٹے کی لائنوں میں جانیں دے رہے ہیں، بجلی گیس کا بل غریبوں اور مڈل کلاس کے لیے عذاب کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ مزدور، دیہاڑی دار ماہانہ اٹھارہ ہزار بھی نہیں کماتا، بیوروکریسی، حکمرانوں کی موجیں لگی ہوئی ہیں، یہ اللہ کا نظام نہیں کہ غریب کے گھر غریب اور سرمایہ دار کے ہاں سرمایہ دار پیدا ہو، قوم کے لیے ایک ہی راستہ بچا ہے جو کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم آئی ایم ایف اور امریکہ کی غلامی اور آزمائے ہوئے لوگوں سے نجات چاہتی ہے، عوام کو الیکشن کے لیے پرامن اور سازگار ماحول مہیا کرنا سیاسی سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ شفاف طریقے سے ووٹ کے ذریعے اپنے لیے وہ قیادت منتخب کرے جو ملک میں حقیقی تبدیلی لا کر اسے کرپشن فری، کلین گرین پاکستان بنائے۔ جماعت اسلامی نے بہت سے مزدوروں کو ٹکٹس دی ہیں، کسانوں اور مزدوروں کے مسائل تبھی حل ہوں گے جب ان میں سے ہی لوگ منتخب ہوکر ایوانوں میں جائیں گے۔