خلافت راشدہ کے نظام پر تمام پاکستانی متفق ہیں اور اسے آئیڈیل کی حیثیت سے دیکھتے ہیںراشد نسیم
1سال پہلے
لاہور12 اپریل 2023ء
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ خلافت راشدہ کے نظام پر تمام پاکستانی متفق ہیں اور اسے آئیڈیل کی حیثیت سے دیکھتے ہیں، یہ نظام ملک میں نافذ ہو جائے تو معاشرہ میں ترقی، امن، خوشحالی ممکن ہو گی، استحصال کا خاتمہ ہو گا، عورتوں کی عزتیں محفوظ ہوں گی اور غریب اور امیر میں کوئی فرق نہیں ہو گا، قانون کی نظر میں سب برابر ہوں گے۔ جماعت اسلامی اسی نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے۔
کراچی کے شادمان ٹاؤن میں افطار پارٹی اور مسجد حذیفہ میں شب بیداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج یورپ اور امریکا میں تمام تر مادی ترقی کے باوجود امن و سکون نہیں ہے، خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے، لوگ دولت کے انبار پر بیٹھے ہیں اور ذہنی اور روحانی سکون میسر نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کے مسائل کے حل کے لیے انسانیت کو دین فطرت کی طرف لوٹنا ہو گا۔