ضلعی مجلسِ شوریٰ

ضلعی مجلسِ شوریٰ (District Council)

ترکیب:

دفعہ ۷۱: ضلعی مجالسِ شوریٰ انہی اضلاع میں قائم کی جائیں گی جن میں ارکانِ جماعت کم از کم بیس یا مقامی جماعتوں کی تعداد کم از کم پانچ ہو، الاّ یہ کہ امیر صوبہ کی رائے میں کسی خاص ضلع کی ضروریات اس قاعدے میں کسی رد و بدل کی متقاضی ہوں۔

انتخاب اور میعاد:

دفعہ ۷۲: (۱)ضلع کی مجلسِ شوریٰ، ارکانِ ضلع کی براہِ راست منتخب کردہ ہوگی۔

(۲)ارکانِ مجلس کی تعداد امیر ضلع مقرر کرے گا۔۱؎

(۳)ارکانِ مجلس کا انتخاب دو سال کے لیے ہوگا۔

صدر:

دفعہ ۷۳: امیر ضلع اپنے ضلع کی مجلسِ شوریٰ کا صدر اور قیّم ضلع بربنائے عہدہ اس کا رکن اور معتمد ہوگا۔۲؎

افتتاحی اجلاس:

دفعہ ۷۴: ضلع کی مجلسِ شوریٰ کا انتخاب مکمل ہو جانے کے بعد امیر ضلع ایک مہینے کے اندر اندر مجلس کا افتتاحی اجلاس بلائے گا۔

جس میں تمام ارکانِ شوریٰ فرداً فرداً امیر ضلع کے روبرو رکنیت شوریٰ کا حلف اٹھائیں گے جو اس دستور کے ضمیمہ نمبر۲ میں درج ہے۔ اس کے بعد امیر ضلع انھیں ان کے فرائض اور ذمہ داریوں اور ضلع میں جماعت کے موجود الوقت حالات سے آگاہ کرے گا۔

امیر ضلع اور اس کی مجلسِ شوریٰ کا باہمی تعلق:

دفعہ ۷۵: (۱) ضلع میں مجلسِ شوریٰ قائم ہونے کی صورت میں امیر ضلع روز مرہ کے معاملات کے سوا تمام اہم معاملات اپنی مجلسِ شوریٰ کے مشورے سے طے کرے گا۔

(۲) ضلعی امیر اور مجلسِ شوریٰ میں نزاع پیدا ہو جانے کی صورت میں امرائے بالا کی طرف رجوع کیا جائے گا۔

اجلاس:

دفعہ ۷۶: ضلع کی مجلسِ شوریٰ کے معمولی اجلاس سال میں تین مرتبہ ہوا کریں گے۔

دفعہ ۷۷: ضلع کی مجلسِ شوریٰ کا غیر معمولی اجلاس حسب ذیل صورتوں میں ہر وقت بلایا جاسکے گا:

(ا) امیر ضلع اس کی ضرورت محسوس کرے۔

(ب) ضلع کی مجلس شوریٰ کے کم ازکم ایک چوتھائی ارکان اس کا تحریری مطالبہ کریں تو مجلس شوریٰ کا اجلاس 15روز کے اندر منعقد ہونا لازمی ہو گا۔

(ج) امیر ضلع کے موجود نہ ہونے کی صورت میں ضلع کا شعبہ تنظیم اس کی ضرورت محسوس کرے۔

(د) کوئی امیر بالا اسے منعقد کرنے کا حکم دے۔

فرائض و اختیارات:

دفعہ ۷۸: ضلعی مجلسِ شوریٰ اور اس کے ارکان کے اپنے ضلع میں ویسے ہی فرائض و اختیارات ہوں گے جیسے حلقے کی مجلسِ شوریٰ اور اس کے ارکان کے اپنے حلقے میں ہیں۔ (دفعہ ۶۳)