News Detail Banner

جماعت اسلامی 14مارچ کو اسلام آباد میں پورے ملک سے ٹکٹ ہولڈرز کو جمع کر کے پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنے منشور کا اعلان کرے گی۔سراج الحق

1سال پہلے

لاہو05 مارچ 2023ء

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 14مارچ کو اسلام آباد میں پورے ملک سے ٹکٹ ہولڈرز کو جمع کر کے پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنے منشور کا اعلان کرے گی۔ حکومت پورے ملک میں عام انتخابات کا فوری اعلان کرے۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت ویسے بھی مکمل طور پر ناکام ہو گئی، اس گاڑی کو چار ڈرائیور چلا رہے تھے، انھوں نے گزشتہ 11ماہ میں اپنے کیسز معاف کرانے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا۔ پہلے پی ٹی آئی کا بھی یہی معاملہ تھا جو بھی اس جماعت میں شامل ہوتا، واشنگ مشین سے دھل کر نکلتا۔ پی ٹی آئی کے دور میں حالات بدتر تھے تو اب بدترین ہو گئے ہیں۔ ملک میں احتساب نام کی کوئی چیز نہیں رہی، قانون طاقتور کے لیے موم کی ناک بن چکا ہے۔ تینوں نام نہاد بڑی جماعتوں کے پاس عوام کو دینے کے لیے کوئی لالی پاپ نہیں، جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے اور قوم کے لیے واحد متبادل کے طور پر بچی ہے۔

منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ شفاف الیکشن مسائل کا حل ہیں، پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات ہونے چاہییں، قومی معیشت کی صورت حال تباہ کن ہے، الگ الگ انتخابات سے قومی خزانہ جو پہلے ہی تقریباً خالی پڑا ہے پر بوجھ ناقابل برداشت ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ انتخابی عمل میں مداخلت سے باز رہی تو قوم پر احسان ہو گا۔ اسٹیبلشمنٹ نے ماضی میں پی ٹی آئی، ن لیگ یا پیپلزپارٹی کو مسلط کیا، کبھی ایک لاڈلہ آیا تو کبھی دوسرا، اب کی بار عوام کو آزادانہ طریقہ سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔ چاہتے ہیں عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے سیاست سے مکمل طور پر غیرجانبدار ہو جائیں۔ 

نائب امراجماعت اسلامی لیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر صوبہ بلوچستان و سندھ مولانا عبدالحق ہاشمی، محمد حسین محنتی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، بختیار معانی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی پریس کانفرنس میں امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔

سراج الحق نے الیکشن کمیشن سے ایک دفعہ پھر مطالبہ کیا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو مکمل کیا جائے، جماعت اسلامی کسی کو دھونس دھاندلی سے شہر کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ صوبائی حکومت نے الیکشن سے قبل بھی ہیراپھیری کی اب بھی باز نہیں آ رہی، الیکشن کمیشن کو پانچ دن کا وقت دیتے ہیں، 11نشستوں پر ضمنی انتخابات اور چھ کے نتائج کا اعلان نہ ہوا تو 10مارچ کو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا ہو گا۔

امیر جماعت نے گوادر کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دینے اور مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی گوادر سمیت پورے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، لوگوں کو لاوارث نہ سمجھا جائے۔ مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں پر جعلی مقدمات ختم کر کے ان کو رہا نہ کیا گیا اور مقامی لوگوں کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو 9مارچ کو کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا دیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی حکومتوں نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔ آج پاکستان کے فیصلے عالمی مالیاتی ادارے کے کلرک کرتے ہیں۔ حکومت نے مہنگائی کا 49سالہ ریکارڈ توڑ دیا، پاکستانی روپے کی قدر کاغذ کے ٹکڑے کے علاوہ کچھ نہیں، خطے کے سارے ممالک ہم سے آگے ہیں۔ حکومت نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے باوجود آئین سے روگردانی کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے حکم پر سود کی شرح 20فیصد تک کر دی، سوا تین کروڑ سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑا، ادویات تک کی قیمتوں میں 300فیصد اضافہ کیا، آج غریب کے لیے سانس لینا مشکل ہو گیا، لوگ بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتے، یہ حکمران کبھی بھی اپنے پروٹوکول اور مراعات کم کرنے کو تیار نہیں، 85افراد پر مشتمل کابینہ کی فوج ظفر موج کم کی گئی نہ ان کے خرچے گھٹے، یہ سارے قوم کے مجرم ہیں، انھوں نے حرام کی دولت اکٹھی کی، بیرون ملک جائدادیں بنائیں اور عوام کو بنیادی حقوق تک سے محروم رکھا۔