News Detail Banner

جماعت اسلامی چین کے بیلٹ اور روڈ منصوبے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے،امیر جماعت اسلامی سراج الحق

3سال پہلے

لاہور6جولائی 2021ئ

    امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ انسانیت کی مشترکہ اخلاقی اقدار مختلف تہذبیوں کے درمیان ہم آہنگی کی بنیاد بن سکتی ہیں ۔ چین کے صدر شی جن پنگ کے دور میں اختیار کیے گئے بارہ اخلاقی اصولوں پر مشتمل ضابطہ اخلاق قابل قدر ہے جس میں آزادی ، مساوات ، انصاف اور قانون کی بالادستی جیسے زریں اصول شامل ہیں ۔ مادی ترقی اور اخلاقی اصول مل کر ایک ایسی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جس میں ہر انسانی کے لیے خوشی اور خوشحالی کا پیغام ہو ۔ جماعت اسلامی یہ سمجھتی ہے کہ مادی ترقی کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی میں اخلاقی اقدار بہت اہمیت کی حامل ہیں ۔ وہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کی صد سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ہونے والی آن لائن کانفرنس سے آن لائن خطاب کررہے تھے۔چین کے صدر شی جن پنگ نے ” کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور دنیا کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان“ کی زوم کانفرنس کا بیجنگ میں افتتا ح اور کلیدی خطاب کیا ۔ منگل کو تین گھنٹے جاری رہنے والی کانفرنس میں 160 ممالک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان شریک ہوئے ۔ دنیا بھر سے دس ہزار افراد نے ایک وقت میں کانفرنس کی کارروائی کو سنا ۔ آن لائن کانفرنس میں امیر جماعت کے ہمراہ جماعت اسلامی کے نائب ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ا ور شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی منصورہ سے شریک تھے ۔

    سراج الحق نے اپنے خطاب میں سی پی سی کے قیام کے سو سال مکمل ہونے پر پارٹی کی مرکزی قیادت ، دیگر ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے عوامی جمہوریہ چین کو دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے مقام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ عسکری قوت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ای کامرس ، سائنسی تحقیق اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے شعبوں میں بھی چین کی ترقی قابل رشک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی چین کے بیلٹ اور روڈ منصوبے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے یہ منصوبہ ایشیا اور یورپ کے عوام کی فلاح کے لیے بہترین قدم ہے جس سے دنیا میں معاشی تعاون کے عظیم امکانات پیدا ہوئے ہیں ۔ اس منصوبے کے اہم جز وکے طور پر سی پیک ، پاکستان او ر چین کے درمیان دوستی کے لازوال رشتے کو مزید تقویت فراہم کرے گا ۔

    سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ عوامی سطح پر مختلف قوموں کے درمیان دوستی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے باہمی ملاقاتوں ، اجتماعات اور ابلاغ کے راستے قائم ہونے چاہئیں۔ کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور جماعت اسلامی پاکستان کے درمیان فروری 2009 ءمیں مفاہمت کی ایک یاد داشت پر دستخط ہوئے تھے اس دستاویز کو بنیاد بناتے ہوئے ہم چین اور پاکستان کے عوام کی فلاح کے لیے نئے راستے تلاش کرنا چاہتے ہیں ۔ 

    انہوںنے کہاکہ کرونا کی عالمی وباءنے انسانیت کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے ۔ یہ واضح ہو چکاہے کہ اس جدید دور میں کوئی ملک اور قوم الگ تھلگ ہو کر نہیں رہ سکتی ۔ خود غرضانہ پالیسیوں ، جبر و تسلط پر مبنی عالمی نظام مزید نہیں چل سکتا ۔ ہمیں ایک ایسے عالمی نظام کی ضرورت ہے جو باہمی احترام ، تعاون اور پوری انسانیت کی فلاح پر مبنی ہو۔امیر جماعت نے کہاکہ انہیں یہ یقین ہے کہ کانفرنس میں موجود سیاسی جماعتیں اس نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے جماعت اسلامی پاکستان آپ سب کے ساتھ مل کر مشترکہ کاوشوں کے لیے تیار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چائنا کے عوام بجا طور پر اپنی قیادت پر فخر کرتے ہیں جنہوںنے انہیں ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا ۔ جماعت اسلامی انسانیت کو اللہ کا کنبہ سمجھتی ہے ۔ عدل و انصاف کے ذریعے ہر انسان کے خوابوں کی تعمیر ہوسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چین اور پاکستان کی پر خلوص دوستی دنیا کے لیے مثال ہے ۔ سی پی سی کے قیام کے سو سال مکمل ہونے پر ہمیں یہ امید ہے کہ چین دنیا میں امن و خوشحالی کے قیام کے لیے اپنا موثر و مثبت کردار ادا کرتا رہے گا ۔