یورپ میں مذہبی جنونیوں، انتہا پسند دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات ہمیشہ مسلمانوں، مسلم مقدس ہستیوں اور مقدسات کو ہدف بناتی ہیں۔ لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور23جنوری 2023ء
نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنماؤں سید ثاقب اکبر، پیرصفدر گیلانی، علامی عارف حسین واحدی، سید ناصر شیرازی، رضیت باللہ، نذیر احمد جنجوعہ، علامہ شبیر حیشمی اور انجم عقیل نے مشترکہ بیان میں سویڈن میں قرآن مجید کی بیحرمتی اور جلائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ میں مذہبی جنونیوں، انتہا پسند دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات ہمیشہ مسلمانوں، مسلم مقدس ہستیوں اور مقدسات کو ہدف بناتی ہیں۔ اسلاموفوبیا مغرب میں انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے۔ مہذب دنیا میں ایسے مکروہ اور قبیح اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں۔ یورپ یونین، سویڈن حکومت مسلمانوں کے جذبات کی مسلسل توہین کے اقدامات کا ازالہ کریں۔ عالمِ اسلام اور مغربی دنیا میں خلیج پیدا کرنے والے مجرم عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے، نفرت کی آگ بھڑکانے والے عالمی امن کے دشمن ہیں۔ اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین بلاتاخیر قانون سازی کریں، انسانیت کے لیے جنونی مجرموں کی بیخ کنی کی جائے۔
لیاقت بلوچ نے منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کیلیے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق اپنی ناکامی تسلیم کریں۔ ضِد، انا، ہٹ دھرمی اور غیرحکیمانہ، غیرسنجیدہ رویوں کایہ ہی انجام ہونا تھا۔ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے سابق حکومت اور اپوزیشن نے اپنا سیاسی پارلیمانی حق گنوادیا۔ جب سیاسی قیادت نے اپنی نااہلی، ناکامی ظاہر کردی تو آئینی بنیادوں پر نگراں وزارتِ اعلیٰ کی تقرری الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کرنے کی عملاً کوئی گنجائش نہیں۔ پنجاب میں سیاسی دنگا فساد برپا کرنے کی بجائے شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات منعقد کرانے کا ماحول پیدا کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے مانگا منڈی اور پیراگون سٹی میں ورکرز گنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب کی سیاست اور انتخابات کو جاگیرداروں، سرداروں، تمن داروں، سرمایہ داروں اور اسٹیبلشمنٹ کے مہروں نے بدنام کردیا ہے۔ پورے ملک میں پنجاب کی سیاست کو بدنامی کا داغ بنادیا گیا ہے۔ پنجاب کے ووٹرز بدنامی کے داغ مٹانے کے لیے جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں۔ پورا ملک بحرانوں اور اقتصادی دہشت گردی سے نجات حاصل کرے گا۔